0
Sunday 23 Nov 2014 02:19

اسمبلیوں میں سرمایہ داروں کی اکثریت جبکہ مزدور دوست انتہائی کم ہیں، ظہور اعوان

اسمبلیوں میں سرمایہ داروں کی اکثریت جبکہ مزدور دوست انتہائی کم ہیں، ظہور اعوان
اسلام ٹائمز۔ پاکستان ورکرز فیڈریشن کے مرکزی جنرل سیکرٹری ظہور اعوان نے کہا ہے کہ محنت کشوں کے حقوق سے متعلق بین الاقوامی اداروں کی وجہ سے پاکستان میں مزدوروں کو کچھ حقوق حاصل ہیں ورنہ ہمارے حکمران مزدوروں کے مسائل حل کرنے میں دلچسپی نہیں رکھتے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان ورکرز فیڈریشن کے زیراہتمام LO/FTF پراجیکٹ کے تحت ایک روزہ ریجنل فورم سے مقامی ہوٹل میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صوبائی صدر ریجن بنوں محمد ایوب عرف لعل بادشاہ سمیت ڈیرہ اسماعیل خان، بنوں، لکی مروت، کوہاٹ اور کرک کی مزدور تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ فورم میں مزدوروں کو اپنے حقوق کے حصول اور لیبر قوانین سے آگاہی دی گئی۔ ظہور اعوان نے کہا کہ اسمبلیوں میں سرمایہ داروں کی اکثریت موجود ہے جبکہ مزدور دوست اراکین انتہائی کم ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری طاقت ہمارے اتحاد میں ہے، اسلئے تمام مزدور متحد ہو کر ایک دوسرے کے دکھ درد میں شریک ہوں اور دوسرے مزدوروں کے مسائل کے حل کیلئے تشدد کا راستہ اختیار کرنے کے بجائے اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت قانون و پالیسی مرتب کرکے خودہی اسے پامال بھی کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک روزہ ورکشاپ جنوبی اضلاع کے مزدوروں کو ان کے حقوق اور لیبر قوانین سے متعلق آگاہی دینے کیلئے منعقدکی گئی ہے۔ اس سلسلے میں بنوں اور کوہاٹ میں بھی ورکشاپس کا انعقاد کیا جائیگا۔
خبر کا کوڈ : 420928
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش