0
Monday 24 Nov 2014 11:15

انقلاب ان بھکر!!!

انقلاب ان بھکر!!!
رپورٹ: ایس اے زیدی

پاکستان عوامی تحریک کے زیراہتمام بھکر کے جمیل اسٹیڈیم میں گذشتہ روز ایک عظیم الشان جلسہ کا انعقاد کیا گیا، جس میں ہزاروں کی تعداد میں ’’انقلابی عوام‘‘ نے شرکت کی، جلسہ کو پی اے ٹی کی اہم اتحادی اور ضلع بھکر کی فعال جماعت مجلس وحدت مسلمین کی حمایت حاصل تھی، واضح رہے کہ 29 نومبر کو حلقہ پی پی 48 بھکر میں ہونے والے ضمنی الیکشن کیلئے نذر عباس کہاوڑ پی اے ٹی کیساتھ ساتھ ایم ڈبلیو ایم کے بھی حمایت یافتہ امیدوار ہیں، اور یہ جلسہ اس ضمنی الیکشن کے حوالے سے خصوصی اہمیت کا حامل تھا، جمیل اسٹیڈیم بھکر کا سب سے وسیع و عریض میدان سمجھا جاتا ہے، اور جلسہ کے موقع پر عوام کا سمندر نظر آرہا تھا، اسٹیج پر مرکزی، صوبائی اور ضلعی رہنماء براجمان تھے، سکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کئے گئے تھے، علامہ طاہر القادری اور علامہ راجہ ناصر عباس کا مختلف علاقوں میں والہانہ استقبال کیا گیا، اسی وجہ سے دونوں قائدین تاخیر سے جلسہ گاہ پہنچے۔

جلسہ سے عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر علامہ طاہر القادری، مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری، سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا، پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور، منہاج القرآن انٹرنیشنل برطانیہ کے صدر محمد افضل سعیدی، پاکستان عوامی تحریک ویمن ونگ کی سیکرٹری جنرل عائشہ شبیر، صدر مصطفوی اسٹوڈنٹس موومنٹ عرفان یوسف، مجلس وحدت مسلمین ضلع بھکر کے سیکرٹری جنرل سفیر حسین شہانی، ایم ڈبلیو ایم کے رہنماء احسان اللہ خان بلوچ اور دیگر نے خطاب کیا، جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے علامہ ناصر عباس کا کہنا تھا کہ ہم نے یہ کہا تھا کہ جہاں ہمارے اہلسنت بھائیوں کا پسینہ گرے گا وہاں ہمارا خون گرے گا اور ہم آج بھی اس بات پر قائم ہیں، ہم مل کر ملک سے یزیدی اور تکفیری قوتوں کو ختم کر کے دم لیں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں شیعہ سنی وحدت سے ہی تکفیریت کو شکست دی ج اسکتی ہے، ہم پاکستان میں مظلوموں کو طاقت ور بنائیں گے، تاکہ معاشرہ میں سیرت امام علی ابن ابی طالب (ع) کی حقیقی شکل سامنے آئے، 29 نومبر کو ہونے والا ضمنی الیکشن انہی اصولوں کی بنیاد پر ہوگا، انشاءاللہ مظلوموں کی آواز بلند کرنے والوں کو کامیابی نصیب ہوگی، اور غیر ملکی ایجنڈے پر ملک چلانے والوں کو شکست کا منہ دیکھنا پڑے گا، انہوں نے مزید کہا کہ بھکر کے عوام اس الیکشن میں امام علی (ع) کے کیمپ میں کھڑے ہوں گے، اور یزیدی حکمران ٹولے کو رسوائی ملے گی، ضلع بھکر کا بچہ بچہ نذر عباس کہاوڑ کو کامیاب کرانے کیلئے میدان میں آ گیا ہے، اپنے مختصر خطاب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان بھر میں شیعہ، سنی عوام اپنے حقوق کیلئے متحد ہو چکے ہیں، نواز شریف کو عوامی دباو کے سامنے سر جھکانا پڑے گا۔

جلسہ سے خصوصی خطاب ڈاکٹر علامہ طاہر القادری نے کیا، ’’اسلام ٹائمز‘‘ نے گذشتہ روز علامہ طاہر القادری کی تقریر کے اہم نکات خبر کی صورت میں اپنے قارئین کیلئے جاری کئے تھے، اس رپورٹ میں خطاب کے دیگر پہلووں کو جاری کیا جا رہا ہے، علامہ طاہر القادری نے کہا کہ عوام سے وعدے کے مطابق بیرون ملک دورے کے بعد انقلاب کی ملک گیر تحریک کا آغاز آج بھکر سے کردیا ہے، ہمارے اسلام آباد دھرنے کی قربانیوں نے ظالمانہ نظام کے خلاف مایوس لوگوں کو امید اور کمزوروں کو طاقت دے دی ہے، آج بھکر میں انسانوں کا ٹھاٹھیں مارتا ہوا سمندر نظر آ رہا ہے، ان کا کہنا تھا کہ بھکر میں آج کے تاریخی جلسے کا سہرا عظیم شہداء انقلاب کے سر ہے، جنہوں نے اپنے خون سے انقلاب کی بنیاد رکھی، ہم نے قوم کی بیٹیوں کی عزت چھیننے والے اور قومی خزانے سے عیاشیوں کرنے والے حکمرانوں کو للکارا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ‎ مجھے غریبوں سے اس لئے محبت ہے کیونکہ میرے شیخ سید عبدالقادر جیلانی کا فرمان ہے کہ ’’اگر رب کو پانا ہو تو غریبوں سے محبت کرو‘‘۔ میں غریبوں کے حقوق کی جنگ اللہ اور اس کے رسول (ص) کی محبت اور رضا کی خاطر لڑ رہا ہوں، پاکستان میں طاقتوروں کے خلاف غریبوں اور کمزوروں کی جنگ شروع ہو چکی ہے، انتخابی جدوجہد کا پہلا معرکہ 29 نومبر کو بھکر میں ہے، انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمران یزید لعین کی طرز پر قومی خزانے کو لوٹ رہے ہیں، کرپشن کر رہے ہیں اور قانون کو پامال کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھکر کو تھل کا “پیرس” بنانے کا وعدہ کرنے والے حکمران بلامقابلہ منتخب ہو جانے کے بعد وعدوں کو بھول گئے، حکمرانوں کے مور اور گھوڑے لاکھوں روپے ماہانہ کی خوراک کھاتے ہیں، جبکہ بھکر کے کسان کو پانی تک میسر نہیں، وزیراعلٰی پنجاب کے تھل میڈیکل یونیورسٹی کے وعدے کو 5 سال گزر گئے، ہسپتالوں میں سی ٹی سکین کی مشین تک نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ‎ لاہور ہو یا بھکر، سب پاکستانیوں کو برابر سہولیات میسر آنی چاہئیں، ہم لوگوں کو محرومیوں سے نکال کر خوشحالی دیں گے، بھکر میں تعلیم کے فنڈ کو گلیوں اور نالیوں کو پختہ کرنے پر لگا دیا گیا، کوئی پوچھنے والا نہیں، پاکستان عوامی تحریک حکومت میں آ کر بھکر کو زرعی یونیورسٹی دے گی، تاکہ یہاں زرعی تحقیقات ہو سکیں۔ جلسہ کے اختتام پر ’’اسلام ٹائمز‘‘ کیساتھ گفتگو کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید ناصر عباس شیرازی نے اس جلسہ کو جنوبی پنجاب کی تاریخ کا عظیم الشان جلسہ قرار دیا، ان کا کہنا تھا کہ بھکر کے عوام نے انقلاب کے حق میں اپنا فیصلہ دے دیا ہے، 29 نومبر محب وطن پاکستانیوں کی فتح کا دن ہے، اس روز کرپٹ، ظالم اور نااہل حکمران ٹولے کو شکست فاش ہوگی۔
خبر کا کوڈ : 421037
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش