0
Wednesday 26 Nov 2014 10:59

سارک ممالک کو غربت، افلاس اور جہالت جیسے مسائل کا سامنا ہے، نواز شریف

سارک ممالک کو غربت، افلاس اور جہالت جیسے مسائل کا سامنا ہے، نواز شریف
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ سارک ممالک کو بھوک، غربت، افلاس اور جہالت جیسے مسائل کا سامنا ہے لیکن ویزہ شرائط میں نرمی اور ایک دوسرے کے ساتھ تعاون سے ان مسائل پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ نیپال کے دارالحکومت کھٹمنڈو میں 18ویں سارک سربراہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان سارک کو بہت اہمیت دیتا ہے، دنیا کی آبای کا ایک چوتھائی سارک ممالک میں بستی ہے جب کہ سارک ممالک کو بھوک، غربت، افلاس اور جہالت جیسے مسائل کا سامنا ہے جب کہ مضبوط رابطے کے فقدان کی وجہ سے تجارتی حجم نہایت ہی کم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس خطے میں نوجوانوں کی ایک بہت ہی بڑی تعداد ہے لیکن مضبوط رابطے کے فقدان کی وجہ سے تجارتی حجم نہایت ہی کم ہے، سارک کو رکن ممالک میں اعتماد کی فضاء قائم کرنی چاہیے اور ویزہ شرائط میں نرمی سے خطے میں اقتصادی تعاون کی شرح بڑھ سکتی ہے۔

وزیراعظم پاکستان کا کہنا تھا سارک ممالک میں مذہبی اور ثقافتی ہم آہنگی ہونی چاہیے، سارک ممالک کی ترقی ایک دوسرے سے جڑی ہے، قدرتی آفات اور سیلاب کی تباہ کاریوں سے بچنے کے لئے سارک رکن ممالک میں معلومات کا تبادلہ وقت کی اہم ضرورت ہے، ہمیں ایک دوسرے کے تجربوں سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔ سارک رکن ممالک کو تعلیم، صحت، سائنس اور ٹیکنالوجی میں ایک دوسر ے سے تعاون کرنا ہو گا، تیل اور گیس کی فراہمی کے لئے گیس پائپ لائن پر بھرپور توجہ دینی ہو گی۔

وزیراعظم پاکستان کا کہنا تھا کہ ہم جنوبی ایشی کو تنازعات سے پاک خطہ کرنا چاہتے ہیں اور اس کے لئے سارک کو رکن ممالک میں اعتماد کی فضاء کو فروغ دینا ہو گا۔ اس موقع پر وزیراعظم نواز شریف نے نیپالی حکومت اور عوام کا سارک کانفرنس کے کامیابی سے انعقاد پر مبارکباد پیش کی اور 19 ویں سارک کانفرنس پاکستان میں منعقد کرانے کی خواہش کا اظہار بھی کیا۔

واضح رہے کہ 2 روزہ سارک سربراہ کانفرنس نیپال کے دارالحکومت کھٹمنڈو میں شروع ہو چکی ہے جس میں پاکستان، بھارت، نیپال، بھوٹان، مالدیب، افغانستان اور سری لنکا کے سربراہان شریک ہیں۔ وزیراعظم نواز شریف سارک کانفرنس کے دوران دیگر ممالک کے سربراہان سے بھی ملاقات کریں گے تاہم بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سے ان کی ملاقات متوقع نہیں ہے۔
خبر کا کوڈ : 421407
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش