0
Wednesday 17 Dec 2014 22:26

آج شام، عراق اور افغانستان سمیت دنیا بھر میں مسلمانوں کا قتل عام جاری ہے، لیاقت بلوچ

آج شام، عراق اور افغانستان سمیت دنیا بھر میں مسلمانوں کا قتل عام جاری ہے، لیاقت بلوچ
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی پاکستان کے زیر اہتمام ملک بھر میں پشاور میں دہشت گردی کے واقعہ میں شہید ہونے والے بچوں اور اساتذہ کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی۔ منصورہ کے باہر ملتان روڈ پر ہونے والی غائبانہ نماز جنازہ جماعت اسلامی کے سیکریٹری جنرل لیاقت بلوچ نے پڑھائی۔ اس موقع پر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے دہشت گردی کے واقعہ کی شدید مذمت کی اور کہا کہ اسلام و ملک دشمن قوتیں اکٹھی ہو چکی ہیں اب قومی قیادت کو بھی دشمن کی سازشوں کو ناکام بنانے کیلئے متحد ہونا پڑے گا۔ 9/11 کا زیادہ نقصان پاکستان کو اٹھانا پڑا۔ امریکہ اور بھارت افغانستان میں بیٹھ کر پاکستان میں دہشت گردی کروا رہے ہیں۔ پشاور کے واقعہ پر ملت پاکستان کے ساتھ ساتھ عالم اسلام بھی غم زدہ ہے۔ آج ہر فرد افسردہ اور قوم سوگوار ہے، ہم جنازے اٹھا اٹھا کر تھک گئے ہیں، آل پارٹیز کانفرنس کا نتیجہ بھی سابقہ ادوار میں ہونے والی اے پی سیز کا نہیں ہونا چاہئے، امریکی غلامی کی پالیسی ترک کر کے آزاد اور خودمختار خارجہ پالیسی اپنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی پالیسیوں میں اسلام اور مسلمانوں کو ہدف بنایا جا رہا ہے آج شام، عراق اور افغانستان سمیت دنیا بھر میں مسلمانوں کا قتل عام جاری ہے، امریکہ اور اس کے اتحادیوں نے پوری دنیا کو بدامنی کی آماجگاہ بنا دیا ہے، انہوں نے کہا کہ دنیا امن کی متلاشی ہے، عالمی قوتیں اپنی پالیسیاں تبدیل کریں اور عالمی امن کے قیام کیلئے اسلام دشمن رویے کو ترک کر دیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ دہشت گردی کے پس پردہ ہاتھوں کو بے نقاب کیا جائے اور قوم کو بتایا جائے کہ دہشت گردی کے اس واقعہ کے ڈانڈے کہاں ملتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 426391
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش