0
Thursday 18 Dec 2014 11:27

درندہ صفت دہشتگردوں نے معصوم بچوں کو بربریت کا نشانہ بنایا، بازل نقوی

درندہ صفت دہشتگردوں نے معصوم بچوں کو بربریت کا نشانہ بنایا، بازل نقوی
اسلام ٹائمز۔ وزیر اطلاعات آزاد کشمیر سید بازل علی نقوی نے سانحہ پشاور پر شدید رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ ملک سے آخری دہشت گرد کے خاتمے تک پوری قوم پاک فوج کی پشت پر ہے اور کشمیری عوام پاک فوج کے افسروں، جوانوں اور ان کے خاندانوں کی ملک و قوم کے لیے قربانیوں پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ وزیر اطلاعات نے ان خیالات کا اظہار آزاد کشمیر میں منائے جانے والے یوم سوگ کے حوالے سے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر بازل نقوی نے پاک فوج کے شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا کی۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان کے دشمنوں اور درندہ صفت لوگوں نے اے پی ایس پشاور پر حملہ کر کے معصوم بچوں کو نشانہ بنایا، بربریت کیا ایسی مثال تاریخ انسانی میں نہیں ملتی۔ انھوں نے دہشت گردی کے خلاف پاک فوج کے عزم کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے ظالمانہ اور بزدلانہ حملے دہشتگردی کے خلاف جنگ اور دہشتگردوں کی سرکوبی کے لیے کیے جانے والے آپریشن ضرب عضب اور قوم کے عزم کو کمزور نہیں کر سکتے۔ انھوں نے کہا کہ اس وقت حالات کا تقاضا یہ ہے کہ پوری قوم یک جا ہو کر پاک فوج کی پشت پر کھڑی ہو جائے اور ہم سب مل کر دشمنوں کے عزائم کو ناکام بنا دیں۔ انھوں نے کہا کہ یہ قومی سانحہ ہے مگر قومیں اس طرح کے سانحات سے گزر کر کندن بنتی ہیں۔

انھوں نے کہا کہ وزیراعظم آزاد کشمیر نے اس قومی سانحہ پر آزاد کشمیر بھرمیں تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے جس کے دوران ریاستی پرچم بھی سرنگوں رہے گا۔ انھوں نے کہا کہ ہمیں ان خاندانوں سے دلی ہمدردی ہے جو اس صدمہ سے گزرے ہیں اور جنہوں نے اپنے مہکتے پھولوں کو اس وطن کی آن اور شان پر قربان کر دیا۔ انھوں نے پاک فوج کے شہداء کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے حوصلے، بہادری، جرات اور وطن پرستی کو سراہا۔
خبر کا کوڈ : 426497
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش