0
Thursday 1 Jan 2015 22:30
پاکستان کو دہشتگردوں سے پاک کرنا میرا مشن ہے

عوام اطمینان رکھیں، انکی قیادت جاگ رہی ہے، دہشتگردوں اور انکے مددگاروں میں کوئی فرق نہیں رکھیں گے، نواز شریف

عوام اطمینان رکھیں، انکی قیادت جاگ رہی ہے، دہشتگردوں اور انکے مددگاروں میں کوئی فرق نہیں رکھیں گے، نواز شریف
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کوئی بھی غیر جانبدار نہیں رہ سکتا، دہشت گردوں اور ان کے مددگاروں میں کوئی فرق نہیں رکھیں گے، عوام اطمینان رکھیں، ان کی قیادت جاگ رہی ہے۔ ملکی سلامتی کی صورت حال اور انسداد دہشت گردی کے قومی ایکشن پلان پر عمل درآمد کا جائزہ لینے کے لئے وزیراعظم نواز شریف کی زیرصدارت اعلٰی سطح کا سکیورٹی اجلاس پرائم منسٹر ہاؤس اسلام آباد میں ہوا۔ اجلاس میں وفاقی وزراء، گورنر خیبر پختونخوا، آرمی چیف، ڈی جی آئی ایس آئی، سیاسی و آئینی مشیر اور اٹارنی جنرل بھی شریک ہوئے۔ دہشت گردوں کو جلد سزائیں دلوانے کے لئے خصوصی عدالتوں کے قیام کے قانونی و آئینی امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔ ڈی جی آئی ایس آئی نے آپریشن ضرب عضب اور خیبر ایجنسی سمیت دیگر علاقوں میں جاری کارروائیوں پر بریفننگ دی۔ وفاقی سیکرٹری داخلہ نے قومی ایکشن پلان پر عمل درآمد سے متعلق اقدامات پر بریفننگ دی اور بتایا کہ نیکٹا کو فعال کرنے کے بعد وفاق اور صوبوں کے درمیان جدید خطوط پر انٹیلی جنس میکانزم قائم کیا جا رہا ہے جبکہ صوبوں کو کالعدم تنظیموں کے بارے میں ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ 

آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کور کمانڈرز کانفرنس کے بارے میں وزیراعظم کو بریف کیا۔ اجلاس میں بھارتی فائرنگ سے رینجرز اہلکاروں کی شہادت کے واقعہ پر گہرے دکھ اور تشویش کا اظہار کیا گیا۔ وزیراعظم نے مشیر خارجہ سرتاج عزیز کو ہدایت کی کہ معاملہ فوری طور پر بھارتی حکومت کے ساتھ اٹھایا جائے ۔ وزیراعظم نےاجلاس سے خطاب میں کہا کہ پاکستان کو دہشت گردوں سے پاک کرنا ان کا مشن ہے، سیاسی و عسکری قیادت دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف مکمل متحد ہے، اپنے ایکشن پلان کے ساتھ دہشت گردوں کو تباہ و برباد کر دیں گے، بروقت فیصلوں اور موثر اقدامات سے کامیابی حاصل کی جاسکتی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردوں اور ان کے معاونین کے درمیان کوئی تمیز روا نہیں رکھیں گے، اس جنگ میں کوئی بھی غیر جانبدار نہیں رہ سکتا، دہشت گرد خوف پیدا کرکے ہمارے رویوں کو تبدیل کرنا چاہتے ہیں، لیکن عوام اطمینان رکھیں، ان کی قیادت جاگ رہی ہے، دہشت گردوں کو ملک کے کونے کونے سے ڈھونڈا جا رہا ہے، اس جنگ کو دہشت گردوں کی پناہ گاہوں تک لے جائیں گے، انہیں کہیں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔
خبر کا کوڈ : 429676
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش