0
Saturday 17 Jan 2015 15:33

کراچی کی 11 حساس یونین کونسلز میں انسداد پولیو مہم جاری رکھنے کا فیصلہ

کراچی کی 11 حساس یونین کونسلز میں انسداد پولیو مہم جاری رکھنے کا فیصلہ
اسلام ٹائمز۔ شہر قائد کی 11 حساس یونین کونسلوں میں انسداد پولیو مہم جاری رکھی جائیگی اور 24 جنوری سے دوبارہ ان یونین کونسلوں میں مہم شروع کی جائیگی۔ یہ بات وفاقی سیکریٹری صحت ڈاکٹر ایوب شیخ نے انسداد پولیو مہم کے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس نے کراچی کی 11 حساس یونین کونسلوں میں انسداد پولیو مہم کو جاری رکھنے کا فیصلہ کیا۔ اجلاس نے ان یونین کونسلوں میں انسداد پولیو مہم کے اگلے منصوبہ کی منظوری دی، فیصلہ کیا گیا کہ حساس یونین کونسلوں میں انسداد پولیو مہم 24 جنوری سے کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی کی نگرانی میں شروع کی جائے گی۔ مہم کے 9 راؤنڈ ہوں گے، ہر مہم 3 روزہ ہوگی اور ہر 15 روز بعد شروع کی جائے گی، جو اس سال مئی تک جاری رہے گی۔ مہم کو زیادہ مؤثر بنانے کیلئے سیکیورٹی کے تقاضے پورے کئے جائیں گے، جامع حکمت عملی کے ساتھ سیکیورٹی فراہم کی جائے گی، وفاقی حکومت سیکیورٹی فراہم کرنے کیلئے خصوصی اقدامات کریگی۔ اجلاس میں کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی، ڈی آئی جی ریپڈ فورس ڈاکٹر آفتاب پٹھان، عالمی ادارہ صحت اور یونیسف کے نمائندے، اسپیشل سیکریٹری صحت خالد شیخ، صوبائی کو آرڈی نیٹر شہناز وزیر علی، ایڈیشنل کمشنر کراچی ون اسلم کھوسو، تمام ڈپٹی کمشنرز اور دیگر نے شر کت کی۔

وفاقی سیکریٹری ڈاکٹر ایوب شیخ نے کہا کہ پولیو قومی مسئلہ ہے، ملک میں پولیو وائرس کے خاتمے کے لئے ترجیحی اقدامات کئے جا رہے ہیں، ملک سے پولیو وائرس کے خاتمے کے لئے قومی جذبہ سے کام کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ملک میں پولیو وائرس کے خاتمے اور اسے پھیلنے سے روکنے کیلئے کوششیں کامیاب نہیں ہوئیں، اور متعلقہ اداروں نے اپنا کردار مؤثر طور پر ادا نہیں کیا، تو خدشہ ہے کہ اگلے سال ملک میں پولیو مزید پھیلے گا، جو دس گنا زیادہ تک بڑھ سکتا ہے۔ ڈاکٹر ایوب شیخ کا کہنا تھا کہ کراچی کی حساس یونین کونسلوں کی دشواریوں کا حکومت کو احساس ہے، اس لئے حکومت نے حساس یونین کونسلوں میں انسداد پولیو مہم کو مؤثر بنانے کیلئے خصوصی سیکیورٹی اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی سطح پر سیکیورٹی کی ضروریات پوری کرنے کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں، ڈی آئی جی ریپڈ رسپانس فورس ڈاکٹر آفتاب پٹھان مہم میں سیکیورٹی کی نگرانی کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 433154
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش