0
Wednesday 25 Feb 2015 20:55

کالعدم تنظیمیں دہشتگردوں کو تحفظ فراہم کررہی ہیں، کریک ڈاؤن کیا جائے، مفتی محمد عابد مبارک قادری

کالعدم تنظیمیں دہشتگردوں کو تحفظ فراہم کررہی ہیں، کریک ڈاؤن کیا جائے، مفتی محمد عابد مبارک قادری
اسلام ٹائمز۔ فیڈرل بی ایریا میں منعقد ہونے والی غوثِ اعظم کانفرنس سے سربراہ اہلسنت و جماعت پاکستان شیخ الحدیث مفتی محمد عابد مبارک قادری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم دہشتگردی کے خلاف پاک فوج کے ساتھ ایک پیج پر ہے، تمام محب وطن قوتوں کے ساتھ ملکر دہشتگردوں کے ناپاک عزائم خاک میں ملانے کیلئے مثبت رول ادا کرتے رہیں گے، علماء کرام و مشائخ عظام، اساتذہ، ڈاکٹرز، پروفیسرز، معززین دہشتگرد عناصر کے خلاف عوام میں شعور اُجاگر کریں اور عملی طور پر میدانِ میں آکر طالبان اور داعش دہشتگردوں کے ناپاک عزائم ملیا میٹ کردیں۔ انہوں نے کہا کہ ملکی سلامتی کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے، ہمارے اکابرین نے پاکستان بناتے وقت لاکھوں جانوں کے نذرانے پیش کیے۔ اب پاکستان بچانے کیلئے بھی ان کی اولادیں کسی بھی قسم کی قربانی دینے سے دریغ نہیں کرینگی۔ ضرب عضب آپریشن نے دہشتگردوں کو ذہنی طورپرمفلوج کردیا ہے، کالعدم تنظیمیں دہشتگردوں کو تحفظ فراہم کررہی ہیں، نقل مکانی کی آڑ میں دوسرے شہر جانے والے دہشتگردوں کی روک تھام کیلئے اقدامات کئے جائیں، کالعدم تنظیموں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جائے اور نام بدل کر کام کرنے والی تنظیموں پر مکمل پابندی عائد کی جائے اور انکے رہنماؤں کو فوری گرفتار کیا جائے۔ آپریشن ضرب عضب کے باوجود ملک میں دہشت گردی کے واقعات حکومت کیلئے لمحہ فکریہ ہیں۔ حکومت محب وطن اہلسنت کو تنگ کرنے کی بجائے پوری توجہ آپریشن ضرب عضب کی طرف کرے۔ اہلسنت کے مکتبات، آئمہ اور خطباء کی گرفتاریوں کی بجائے خودکش بمباروں اور انکے سہولت کاروں کو گرفتار کرے۔

اس موقع پر رہنما اہلسنت و جماعت پاکستان مفتی غلام دستگیر نے کہا کہ حکومت پاکستان 21 ویں آئینی ترمیم کے نام پر لاؤڈ اسپیکر ایکٹ کی آڑ میں سعودی ایجنڈے کو پاکستان میں نافذ کرنے کی سازش سے باز رہے۔ اہلسنت نے ہمیشہ پاک فوج کی حمایت کی ہے لیکن پاک فوج پر بھی اہلسنت کے علماء کرام اور مزارات پر دہشتگردی کرنے والوں کے خلاف اقدامات کریں۔ لاؤڈ اسپیکر ایکٹ کی آڑ میں درود و سلام پر پابندی کسی صورت تسلیم نہیں کی جائے گی اور اس کی آڑ میں کاٹی جانے والی ایف آئی آرز کو فوری طور پر ختم کیا جائے۔ اذان سے قبل درود شریف پڑھنے اور نماز جمعہ کے بعدلاؤڈ اسپیکر پر صلٰوۃ سلام پڑھنے کی پاداش میں اس قانون کی آڑ میں علماء اہلسنت پر جھوٹی ایف آئی آر درج کرائی جارہی ہیں اور ہمیں درود و سلام پڑھنے سے روکنے کی سازش کی جارہی ہے، جس کو کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 443118
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش