0
Wednesday 1 Apr 2015 00:39

مسلم لیگ (ن) کے سابق رہنماء کیپٹن(ر) سکندر شیعہ علماء کونسل میں شامل ہوگئے

مسلم لیگ (ن) کے سابق رہنماء کیپٹن(ر) سکندر شیعہ علماء کونسل میں شامل ہوگئے
اسلام ٹائمز۔ سابق مشیر زراعت و خوراک کپٹن (ر) سکندر علی ساتھیوں کے ہمراہ شیعہ علماء کونسل میں شامل ہو گئے۔ کپٹن (ر) سکندر علی کو بڑی ریلی کی شکل میں ان کی اسکردو میں واقع رہائش گاہ سے تحریک اسلامی کے دفتر میں لایا گیا جہاں انہوں نے پریس کانفرنس میں تحریک اسلامی میں شمولیت کا باقاعدہ اعلان کر دیا۔ کپٹن(ر) سکندر علی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علاقے کے عوام کی مشاورت اور تجویز سے تحریک اسلامی میں شمولیت کا فیصلہ کر لیا ہے انشااللہ مرتے دم تک اس جماعت کے ساتھ رہوں گا، اگر میں مر بھی جاوں تو میری روح تحریک اسلامی کے ساتھ رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ 1994 کے انتخابات میں میرے والد حاجی صادق علی نے تحریک جعفریہ کے پلیٹ فارم سے حصہ لیا اور بھاری مینڈیٹ لے کر کامیاب ہوئے بعد میں جماعت پر پابندی لگی اب دوبارہ یہ جماعت تحریک اسلامی کی شکل میں بڑی شان و شوکت کے ساتھ سامنے آگئی ہے انشااللہ یہ جماعت بہت ہی کامیاب اور فعال ہوگی اور کوئی قوت اس جماعت کو ختم نہیں کر سکتی۔ انہوں نے کہا کہ تحریک اسلامی گلگت بلتستان نے ہمیشہ خطے کے آئینی بنیادی حقوق کی جنگ لڑی ہے آئندہ بھی یہ جماعت حقوق کی جنگ میں پیش پیش رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ میں نے تحریک اسلامی میں غیر مشروط طور پر شمولیت اختیار کی ہے ٹکٹ ملے نہ ملے اس جماعت کے ساتھ وفادار رہوں گا۔

ذرائع کا کہنا کہ موصوف اسکرو حلقہ 4 روندو سے ہی تحریک اسلامی کی جانب سے الیکشن لڑے گا اور اس سلسلے میں شیعہ علماء کونسل اور تحریک اسلامی کے رہنماوں کے ساتھ انکی باقاعدہ گفت و شنید کے بعد شمولیت اختیار کی ہے۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ سکندر علی دو ہفتہ قبل تک پاکستان مسلم لیگ نواز کی جانب سے الیکشن لڑنے کے لیے آمادہ تھا تاہم گزشتہ دنوں نواز لیگ کی رہنماء ماروی میمن کا دورہ اسکردو کے موقع پر ٹکٹ دینے کے سلسلے میں اختلافات کھل کر سامنے آگئے تھے تو انہوں نے نواز لیگ کو ہمیشہ ہمیشہ کے لیے خیرباد کہہ دیا۔ واضح رہے کہ انہوں نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ٹکٹ سے سابقہ انتخابات میں حصہ لے چکے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 451285
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش