0
Saturday 11 Apr 2015 00:49

نامعلوم ڈنڈا بردار افراد کا جماعت اسلامی کراچی کی انتخابی مہم کی ریلی پر حملہ

نامعلوم ڈنڈا بردار افراد کا جماعت اسلامی کراچی کی انتخابی مہم کی ریلی پر حملہ
اسلام ٹائمز۔ شہر قائد میں قومی اسمبلی کے حلقے این اے 246 میں ضمنی الیکشن کے تناظر میں سیاسی جماعتوں کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہو گیا ہے، لیاقت آباد میں مبینہ طور پر ایم کیو ایم کے ڈنڈا بردار کارکنان نے جماعت اسلامی کراچی کی انتخابی مہم کی ریلی پر حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں متعدد کارکن زخمی اور گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ تفصیلات کے مطابق این اے 246 کے حلقے میں انتخابی مہم کے دوران ایم کیو ایم اور تحریک انصاف کے کارکنان کے درمیان کئی تصادم کے بعد اب ایم کیو ایم اور جماعت اسلامی کے کارکنان میں تصادم ہوا ہے، لیاقت آباد الاعظم اسکوائر کے قریب مبینہ طور پر ایم کیو ایم کے ڈنڈا بردار کارکنان نے جماعت اسلامی کی ریلی پر حملہ کر دیا، جبکہ تصادم کے نتیجے میں متعدد کارکن زخمی اور کئی گاڑیوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے، کشیدہ حالات کے پیش نظر پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی، جس کے بعد ڈنڈا بردار افراد موقع سے فرار ہوگئے۔

جماعت اسلامی کے رہنما حافظ نعیم الرحمان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ ریلی پر حملہ ایم کیو ایم کی جانب سے کیا گیا، جس کے نتیجے میں 7 کارکن زخمی ہوئے اور اس حملے کو این اے 246 سے جماعت اسلامی کے امیدوار راشد نسیم پر حملہ تصور کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حملے سے خوفزدہ ہونے والے نہیں، آج حلقے میں ریلی اور کل جلسہ کریں گے، جس سے امیر جماعت اسلامی سراج الحق خطاب کریں گے۔ دوسری جانب ایم کیو ایم کے رہنما اور امیدوار کنور نوید جمیل کا کہنا ہے کہ جماعت اسلامی کی ریلی میں شامل کارکنوں نے ایم کیو ایم کے الیکشن کیمپ پر حملہ کیا، جس کے نتیجے میں ہمارے کارکن زخمی ہوئے، جبکہ وزیراعلی سندھ سید قائم علی شاہ نے ایڈیشنل آئی جی کراچی کو حملہ آوروں کو فوری گرفتار کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
خبر کا کوڈ : 453452
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش