0
Monday 6 Dec 2010 12:29

افغانستان،ناٹو پر فدائی حملہ،2 اتحادی فوجیوں سمیت 21 ہلاک

افغانستان،ناٹو پر فدائی حملہ،2 اتحادی فوجیوں سمیت 21 ہلاک
 کابل:اسلام ٹائمز-روزنامہ جسارت کے مطابق افغان صوبے پکتیا میں اتحادی فوجی اڈے کے قریب خودکش حملے میں 2 ناٹو فوجیوں سمیت 21 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے جبکہ لوگر میں پولیس چیک پوسٹ پر حملے میں7 اہلکار مارے گئے۔طالبان نے حملے کی ذمہ داری قبول کر لی۔افغان حکام کے مطابق دھماکہ پکتیا کے گردیز ضلع میں افغان فوجی اڈے کے قریب ہوا۔یہ اڈہ اتحادی فوج کے زیر استعمال تھا۔عینی شاہدین کے مطابق اس دھماکے میں 19 افراد ہلاک اور 19زخمی ہو گئے ہیں۔ 
ادھر طالبان ترجمان نے فون پر برطانوی خبر رساں ادارے کو بتایا کہ ایک طالبان مجاہد نے فوجی اڈے پر خودکش حملہ کر کے 19 اتحادیوں کو ہلاک کیا۔افغانستان میں اتحادی فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ گردیز میں ایک فوجی بیس کے باہر ہونے والے بم دھماکے میں ناٹو کے 2 فوجی ہلاک ہو گئے ہیں۔اس دھماکے میں 6 فوجی زخمی بھی ہوئے ہیں۔صوبے پکتیا کے دارالحکومت گردیز میں ہونے والا یہ دھماکہ جس علاقے میں ہوا وہاں پر مقامی تاجر ناٹو فوج اور افغان فوج کو سامان بیچتے ہیں۔ترجمان نے ہلاک ہونے والے فوجیوں کی شہریت کے بارے میں نہیں بتایا،لیکن گردیز میں موجود غیر ملکی فوجیوں میں اکثریت امریکی فوجیوں کی ہے۔
دوسری جانب طالبان کے ایک ترجمان نے کہا ہے کہ یہ حملہ ان کے ایک خودکش بمبار نے کیا ہے۔صوبائی حکومت کے ترجمان روح اللہ سیمون کا کہنا ہے کہ اس حملے میں 2 دکان دار ہلاک اور 18 افراد زخمی ہو گئے۔ادھر وسطی صوبہ لوگر میں واقع ایک پولیس چیک پوسٹ پر طالبان کے ایک حملے میں 7 افغان پولیس اہلکار ہلاک ہو گئے۔ایک پولیس افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر حملے کی تصدیق کی ہے،تاہم اس نے ہلاکتوں کی تصدیق نہیں کی۔
خبر کا کوڈ : 46069
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش