0
Monday 25 May 2015 15:41

کالعدم تنظیموں اور جرائم پیشہ عناصر کے مالی ذرائع روکنے کیلئے حکمت عملی تیار

کالعدم تنظیموں اور جرائم پیشہ عناصر کے مالی ذرائع روکنے کیلئے حکمت عملی تیار
اسلام ٹائمز۔ وفاقی حکومت نے ملک بھر میں دہشت گردی کے واقعات میں ملوث کالعدم تنظیموں اور جرائم پیشہ عناصر کے مالی ذرائع کی روک تھام کیلئے مربوط حکمت عملی طے کرلی ہے۔ حکمت عملی کے تحت کالعدم تنظیموں کی جانب سے نام تبدیل کرکے اور نئی تنظیمیں بنا کر کام کرنے والوں پر بھی پابندی عائد کی جائے گی، زبردستی عطیات وصول کرنے والوں کے خلاف دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمات درج کئے جائیںگے، اور رمضان المبارک میں صرف رجسٹرڈ فلاحی اور دیگر اداروں کو مکمل سیکیورٹی کلیئرنس کے بعد عطیات کی وصولی کیلئے متعلقہ ادارے اجازت نامہ جاری کریںگے۔ بعض تنظیموں کے ایسے افراد جن کی سرگرمیاں خلاف قانون ہوئیں، سیکیورٹی اداروں کی جانب سے نشاندہی کے بعد ان کی سرگرمیوں پر نظر رکھنے کیلئے ان کو فورتھ شیڈول لسٹ میں شامل کیا جائے گا، اور 16 ایم پی او کے تحت نظر بند کرنے سمیت قانون کے مطابق ان کو گرفتار کرنے کی پالیسی اختیارکی جائے گی۔

وفاقی حکومت نے دہشت گردوں کو مالی مدد کرنے والوں اور ان کو سہولتیں فراہم کرنے والے معاونین کے خلاف بھی سخت قانونی کارروائی کیلئے موجودہ قوانین میں مزید ترامیم پر مشاورت شروع کر دی ہے، اور پارلیمانی جماعتوں اور صوبائی حکومتوں سے مشاورت کے بعد وزارت داخلہ اور وزارت قانونی مسودے کو حتمی شکل دیں گی۔ کراچی آپریشن سمیت ملک کے مختلف اضلاع میں گرفتار ٹارگٹ کلرز اور خطرناک دہشت گردوں سے تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا ہے کہ دہشت گردوں کی مالی معاونت کا بڑا ذریعہ اراضی پر قبضہ، بینک ڈکیتیاں، اغواء برائے تاوان، منشیات فروشی اور بھتہ خوری ہے۔ یہ نیٹ ورک مختلف گروپس چلا رہے ہیں، جنھیں مختلف کالعدم تنظیموں اور بعض سیاسی و مذہبی جماعتوں کی پشت پناہی حاصل ہے۔ خصوصاً رمضان میں یہ گروپس مختلف طریقے سے زیادہ سے زیادہ فطرہ، زکوٰۃ، عطیات اور دیگرمد میں رقوم کی وصولی کیلئے مختلف انداز میں کام کرتے ہیں۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے کی جانب سے انٹیلی جنس بنیادوں پر کھوج لگایا جا رہا ہے کہ ان گروپس کی جانب سے کس انداز میں عطیات کی وصولی کا کام کیا جاتا ہے، کون کون سے افراد ان کو عطیات دیتے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ضرورت پڑنے پر عطیات وصول کرنے والی تنظیموں کے بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات بھی حاصل کی جائیںگی۔

رمضان المبارک اور عیدالفطر کے موقع پر عطیات کی وصولی کیلئے بعد رجسٹرڈ فلاحی تنظیموں اور دیگر اداروں کو اجازت نامہ قانون کے مطابق جاری کیا جائے گا۔ زمینوں پر قبضے کی شکایات کے حوالے بھی تحقیقات جاری ہے کہ سرکاری و نجی اراضی کے ناجائز حصول میں کون کون ملوث ہے۔ مکمل نشاندہی کے بعد ان عناصر کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کیا جائے گا اور اراضی واگزار کرائی جائے گی۔ کراچی بھتہ خوری کی شکایات کے ازالے کیلئے بھی قانون نافذ کرنے والے ادارے ایک فول پروف نظام تشکیل دے رہے ہیں۔ اگلے مرحلے میں ملک بھر میں منشیات فروشوں اور اسمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف بھی تیز ترین کارروائی ہوگی۔ منشیات فروشوں اور اسمگلرز کی فہرستیں فائنل کی جا رہی ہیں اور مکمل نشاندہی کے بعد یہ عناصر بھی سیکیورٹی اداروں کے شکنجے میں ہوںگے۔
خبر کا کوڈ : 462935
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش