0
Wednesday 27 May 2015 15:22

پولیس اہلکاروں کا قتل، عزیزآباد کے علاقوں میں رینجرز کا سرچ آپریشن مکمل، 6 مشتبہ افراد گرفتار

پولیس اہلکاروں کا قتل، عزیزآباد کے علاقوں میں رینجرز کا سرچ آپریشن مکمل، 6 مشتبہ افراد گرفتار
اسلام ٹائمز۔ شہر قائد میں عزیزآباد کے علاقے بھنگوریہ گوٹھ میں 3 پولیس اہلکاروں کے قتل پر سیکیورٹی ادارے حرکت میں آگئے، رینجرز کی بھاری نفری نے عزیز آباد کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کیا، جس میں گھر گھر تلاشی لی گئی، جبکہ 6 مشتبہ افراد کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی پولیس پر پھر دہشتگردوں نے وار کیا، عزیز آباد بھنگوریہ گوٹھ میں پولیس موبائل پر حملے میں سب انسپکٹر سمیت 3 اہلکار جاں بحق ہوئے۔ ملزمان سرکاری اسلحہ بھی ساتھ لے گئے۔ واقعے کے بعد ڈی جی رینجرز سندھ اور ایڈیشنل آئی جی کراچی نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا، صوبائی وزیر داخلہ نے بھی پولیس پر حملے کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی، جبکہ ملزمان کو جلد گرفتار کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔ رینجرز نے پولیس پر حملے کے بعد عزیز آباد کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کیا، بھنگوریہ گوٹھ، محمدی کالونی، نعمت کالونی، الفاروق مسجد سمیت کئی علاقوں کا محاصرہ کرکے گھر گھر تلاشی لی گئی، اس دوران چھ مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ آج عزیزآباد کے علاقے بھنگوریا گوٹھ میں 2 موٹر سائیکلوں پر سوار 4 مسلح افراد نے پولیس موبائل پر دو اطراف سے اندھا دھند فائرنگ کر دی تھی، جس کے نتیجے میں سب انسپکٹر سمیت 3 اہلکار جاں بحق ہو گئے تھے۔
خبر کا کوڈ : 463447
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش