0
Thursday 4 Jun 2015 11:07

آزادکشمیرکے بجٹ میں ایک ارب روپے کااضافہ کر دیا گیا

آزادکشمیرکے بجٹ میں ایک ارب روپے کااضافہ کر دیا گیا
اسلام ٹائمز۔ وفاقی حکومت نے بالآخر آزادکشمیر کے بجٹ مالی سال برائے 2014/15ء میں ایک ارب روپے کا اضافہ کر دیا ہے تاہم غیرترقیاتی بجٹ میں اضافہ کا کوئی جواب نہیں دیا گیا جس سے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کا معاملہ کھٹائی میں پڑنے کا امکان پیدا ہو گیا ہے۔ وزارت امور کشمیر نے بجٹ میں دو نئی سکیمیں بھی شامل کر دی ہیں جس میں ایک سکیم وزیراعظم کے حلقے چکسواری کی ہے۔ کشمیر حکومت نے وفاقی حکومت سے غیرترقیاتی بجٹ میں دس فیصد اضافہ مانگا ہے گزشتہ چار دن سے چیف سیکرٹری اور سیکرٹری مالیات کی وزیرخزانہ سے ملاقات نہیں ہو سکی۔

وفاقی حکومت نے آزادکشمیر کا ترقیاتی بجٹ 10ارب 50کروڑ روپے سے بڑھا کر 11ارب پچاس کروڑ روپے کر دیا ہے، آزاد حکومت نے ترقیاتی بجٹ میں آٹھ سے دس ارب روپے اضافہ مانگا تھا۔ وفاقی حکومت نے وزارت امور کشمیر کے منصوبوں میں دو نئے منصوبے بھی شامل کر دیئے ہیں جس میں ایک منصوبہ وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید کی واٹرسپلائی سکیم اور قانون سازاسمبلی کی عمارت کی تعمیرو تزئین و آرائش کے منصوبے شامل ہیں۔

اس کے علاوہ وزارت امور کشمیر کے تحت آزادکشمیر کے منصوبے بھی وفاقی ترقیاتی پلان کا حصہ ہوں گے۔ آزادکشمیر میں جاگراں ہائیڈرو پاور پروجیکٹ 60کروڑ روپے، میرپور میں رٹھوعہ ہریام پل کی تعمیر کے لیے 50کروڑ روپے، آزادکشمیر میں کثیرالشعبہ جاتی بحالی و بہتری کے لیے 36کروڑ روپے، آٹھمقام کرن بائی پاس روڑ کے لیے 20کروڑ روپے، میر واعظ فاروق شہید میڈیکل کالج مظفرآباد کے لیے 50کروڑ روپے،میرپور میڈیکل کالج کے لیے 50کروڑ روپے، نوسیری لیسوابائی پاس روڈ کے لیے 20کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔

دوسری طرف آزادکشمیرحکومت کو سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کے حوالے سے سخت مشکلات کاسامناہے آزادحکومت کے لیے سرکاری ملازمین کے لیے تنخواہوں میں اضافے کافارمولہ ابھی تک طے نہیں ہوسکا۔
خبر کا کوڈ : 464875
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش