0
Monday 8 Jun 2015 15:03

سمندری طوفان ’اشوبا‘ سے کراچی کو کوئی خطرہ نہیں

سمندری طوفان ’اشوبا‘ سے کراچی کو کوئی خطرہ نہیں
اسلام ٹائمز۔ بحیرہ عرب میں بننے والا ہوا کا شدید کم دباؤ سمندری طوفان میں تبدیل ہوگیا، محکمہ موسمیات کے مطابق پاکستان کے ساحلی علاقوں کو براہ راست اس طوفان سے کوئی خطرہ نہیں، تاہم سندھ اور بلوچستان کے ماہی گیر کل شام سے کھلے سمندر میں جانے سے گریز کریں۔ ڈی جی محکمہ موسمیات غلام رسول کے مطابق سمندری طوفان اے زیرو ون کراچی کے جنوب میں 700 کلو میٹر کے فاصلے پر ممبی کے قریب موجود ہے، طوفان کا رخ شمال مغرب کی جانب ہے، اور آئندہ 24 گھنٹے تک طوفان کا رخ اسی سمت میں رہے گا، پاکستان کے ساحلی علاقوں کو براہ راست طوفان سے کوئی خطرہ نہیں۔ محکمہ موسمیات نے سندھ کے ماہی گیروں کو منگل کی شام سے جمعرات، جبکہ بلوچستان کے ماہی گیروں کو بدھ سے جمعہ کے دوران کھلے سمندر میں جانے سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔

آج شام سے بدھ کے دوران کراچی سمیت سندھ کے زیریں علاقوں جبکہ کل سے جمعرات کے دوران بلوچستان کے ساحلی اور جنوبی علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔ میٹ آفس کے مطابق آئندہ 24 گھنٹے کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا، تاہم آج شام مالاکنڈ، ہزارہ، قلات، مکران، میرپور خاص، حیدرآباد، راولپنڈی ڈویژن، اسلام آباد، گلگت بلتستان، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران سب سے زیادہ بارش پٹن میں 22 ملی میٹر، جبکہ سب سے زیادہ درجہ حرارت دادو، سبی، لاڑکانہ میں 46 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
خبر کا کوڈ : 465548
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش