0
Sunday 10 May 2009 17:13

آپریشن میں جنگجوؤں کے متعدد ٹھکانے تباہ، 226 ہلاک، 5 اہلکار شہید، بڑے پیمانے پر نقل مکانی

آپریشن میں جنگجوؤں کے متعدد ٹھکانے تباہ، 226 ہلاک، 5 اہلکار شہید، بڑے پیمانے پر نقل مکانی
اسلام آباد : مالاکنڈ کے مختلف علاقوں مینگورہ، شانگلہ، دیر اور بونیر میں سیکورٹی فورسز نے شدت پسندوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کرتے ہوئے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 226سے زائد شدت پسندوں کو ہلاک کردیا جبکہ جھڑپوں کے دوران پانچ اہلکار شہید ہوگئے۔ ادھر سوات اور شانگلہ میں کرفیو میں نرمی کے وقت بڑے پیمانے پر لوگوں نے نقل مکانی کی ہے۔ دوسری جانب مہمند ایجنسی میں سیکورٹی فورسز کے کیمپ پر عسکریت پسندوں کے حملے میں چار اہلکار زخمی ہوگئے جبکہ فورسز کی جوابی کارروائی میں 26شدت پسند ہلاک ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق آئی ایس پی آر سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا کہ سیکورٹی فورسز نے کانجو، مینگورہ، نمل، قمبر اور پیو چار میں شدت پسندوں کے مشتبہ ٹھکانوں کو ہیلی کاپٹروں اور بھاری توپ خانے سے نشانہ بنا کر 60 شدت پسندوں کو ہلاک کردیا جبکہ ڈی سی او شانگلہ کے مطابق بنائی بابا میں شرپسندوں کی تربیت گاہ پر فورسز کی کارروائی میں تقریبا 150لاشیں ملی ہیں اور شانگلہ ٹاپ اور چکدرہ پر فوج نے مکمل کنٹرول حاصل کرلیا ہے جبکہ فورسز نے کالا داگ سے حیا سرائے کا علاقہ دہشت گردوں سے بازیاب کرا لیا ہے۔ شرپسندوں نے بری کوٹ اور منیار میں دو اسکولوں کو تباہ کردیا اور ایک مسجد کے پیش امام کو شہید کر دیا گیا جبکہ چکدرہ سے ایک چینل کے نمائندے کو بھی اغوا کر لیا گیا۔ مالاکنڈ اور مینگورہ میں شرپسندوں کی نصب کردہ بارودی سرنگیں پھٹنے سے کئی شہریوں کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات ہیں۔ دوسری جانب بونیر کے صدر مقام ڈگر اور دیر میں سرچ آپریشن اور جھڑپوں میں 15جنگجو مارے گئے جبکہ 2 کو گرفتار کرلیا گیا۔ بونیر میں گن شپ ہیلی کاپٹروں کی مدد سے کارروائی کی گئی،جس کے نتیجے میں شدت پسندوں کے 6بنکرز اور بارود سے بھرے 2ڈپو کو تباہ کر دیا گیا۔ واضح رہے کہ سوات میں گزشتہ چار روز کے دوران ہلاک ہونے والے شدت پسندوں کی تعداد چار سو سے زائد ہوگئی ہے۔ ادھر سوات میں فوجی آپریشن کے بعد لاکھوں افراد کی نقل مکانی کا سلسلہ جاری ہے۔ کرفیو میں نرمی کے دوران تقریباً 80 ہزار افراد نے نقل مکانی کی۔ جیو کے مطابق کرفیو میں نرمی کے دوران گاڑیوں کے بڑے بڑے قافلے مردان اور دیگر علاقوں کی طرف جاتے دیکھے گئے۔ اے ایف پی کے مطابق صرف اتوار کو وادی سوات سے ایک لاکھ کے قریب افراد نے نقل مکانی کی۔ادھر وزیر داخلہ رحمن ملک نے کہا ہے کہ سوات سے نقل مکانی کرنیوالوں کے اعداد و شمار جمع کئے جائیں۔ جیو کے مطابق انہوں نے کہا کہ نقل مکانی کرنیوالوں کو حکومت ہر ممکن امداد فراہم کرے گی ۔


خبر کا کوڈ : 4656
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش