1
0
Tuesday 16 Jun 2015 14:58

جی بی الیکشن میں اسلامی تحریک اور ایم ڈبلیو ایم نے پیپلز پارٹی کا بیڑہ غرق کر دیا، آفتاب حیدر

جی بی الیکشن میں اسلامی تحریک اور ایم ڈبلیو ایم نے پیپلز پارٹی کا بیڑہ غرق کر دیا، آفتاب حیدر
اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے گلگت بلتستان کے صوبائی جنرل سیکرٹری آفتاب حیدر ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ اسلامی تحریک اور ایم ڈبلیو ایم نے ہمارے ووٹ بنک کا بیڑہ غرق کر دیا اور ہمیں ہرانے کے لئے ان دونوں جماعتوں نے مسلم لیگ نون کی مدد کی۔ دونوں جماعتوں کے قائدین کو نواز شریف اور شہباز شریف نے پیپلز پارٹی کو ہرانے کے لئے گلگت بلتستان میں بھیجا تھا، اس لئے مذہبی جماعتوں کے قائدین ان جگہوں پر بھی گئے جہاں ہم کبھی نہیں گئے تھے۔ ان بڑی مذہبی جماعتوں کی وجہ سے الیکشن میں ہم ناکام ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ 1994ء کے الیکشن میں بھی مذہبی جماعتوں نے حصہ لیا تھا مگر مذہبی جماعت عوامی مسائل حل کرنے میں ناکام ہوگئی، جب مذہبی جماعتیں 1994ء میں ناکام ہوگئی تھیں تو ایم ڈبلیو ایم اور اسلامی تحریک کو 2015ء کے انتخابات میں حصہ نہیں لینا چاہئے تھا، لیکن انہوں نے سوچے بغیر الیکشن میں حصہ لیا اور ان کی وجہ سے ہم ناکام ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ جن لوگوں نے اس دفعہ مذہبی جماعتوں کو ووٹ دیئے تھے وہ ابھی سے پچھتا رہے ہیں، انشاءاللہ آئندہ الیکشن میں کوئی مذہبی جماعت انتخابات میں حصہ لینے کی جرات نہیں کرے گی اور عوام مذہبی ٹھیکیداروں کو مسترد کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ اگر ایم ڈبلیو ایم اور اسلامی تحریک الیکشن میں حصہ نہ لیتی تو ہم آرام سے انتخابات میں جیت جاتے، مگر ان کی وجہ سے ہمیں ناقابل تلافی نقصان پہنچا۔ دونوں جماعتیں شروع سے آخر تک مسلم لیگ نون کی انتخابی مہم چلاتی رہیں۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں پیپلز پارٹی کو صرف اور صرف مذہبی جماعتوں کی وجہ سے شکست ہوئی ہے، قیادت تبدیل کرنے سے کچھ بھی نہیں ہوگا، قیادت کے اوپر پہلے الزامات تھے، اسی لئے گلگت ریجن کا کوارڈینیٹر سید جعفر شاہ کو مقرر کیا گیا، مگر اس کے باوجود ہم ہار گئے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ الیکشن میں جیتنے کے لئے ہم نے ابھی سے محنت شروع کر دی ہے۔ عوام مسلم لیگ نون کی حکومت سے کوئی توقع نہ رکھیں، کیونکہ یہ جماعت عوامی مفادات کے لئے کچھ بھی نہیں کرسکے گی۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ نون نے الیکشن سے قبل گلگت بلتستان کی آئینی حیثیت کا مسئلہ حل کرنے کا وعدہ کیا ہے، اب ہم دیکھتے ہیں کہ وہ اپنے وعدے پر کس طرح عمل کرتی ہے۔
خبر کا کوڈ : 466997
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

Pakistan
Ha ha donu ne mil kr aik kam to acha kia a
ہماری پیشکش