0
Tuesday 21 Dec 2010 11:49

ایرانی صدر کا آصف علی زرداری کو فون،پاکستان سے دہشتگردوں کیخلاف اقدامات کا مطالبہ

ایرانی صدر کا آصف علی زرداری کو فون،پاکستان سے دہشتگردوں کیخلاف اقدامات کا مطالبہ
اسلام آباد:اسلام ٹائمز-ایران کے صدر احمد محمود احمدی نژاد نے پیر کی شام کو صدر آصف علی زرداری کو ٹیلی فون پر ایران کو مطلوب دہشت گردوں کو گرفتار کر کے ایران کے حوالے کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ایران کے شہر چابہار میں ہونے والے خودکش دھماکوں کی ذمہ داری جند اللہ نے قبول کی تھی۔جند اللہ بلوچستان کے علاقوں سے ایران کے سرحدی علاقوں میں داخل ہو کر وہاں پر کارروائیاں کرتے ہیں اور کئی دہشت گردانہ کارروائیوں کو قبول بھی کر چکے ہیں۔
ہفتے کے روز پاکستان میں ایران کے سفیر ماشااللہ شاکری نے وزیر خارجہ رحمان ملک سے ملاقات کی تھی اور ایرانی حکام کی جانب سے لکھا گیا خط اُن کے حوالے کیا تھا۔اس خط میں پاکستان سے باضابطہ طور پر اس واقعہ کی تحیقیقات اور ملزمان کی حوالگی کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ملاقات میں رحمان ملک نے تحقیقات میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا تھا کہ اگر ضرورت پڑی تو پاکستان اپنی تحقیقاتی ٹیم ایران کا بھیجے گا۔ 
آج نیوز کے مطابق ایران نے پاکستان سے دہشت گردوں کے خلاف اقدامات اور مطلوب افراد کی حوالگی کا مطالبہ کر دیا۔ایرانی صدر کے دفتر سے جاری کردہ بیان کے مطابق صدر محمود احمدی نژاد نے پاکستانی صدر آصف علی زرداری سے ٹیلی فون پر بات چیت کی۔جس میں گزشتہ ہفتے ایران کے شہر چابہار میں ہونے والے خودکش حملے سے متعلق امور زیر بحث آئے۔اس دوران ایرانی صدر نے 
پاکستانی ہم منصب سے مطلوب دہشت گرد ایران کے حوالے کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔ایرانی صدر نے کہا کہ چابہار خودکش حملے میں ملوث عناصر کا کسی مذہب سے کوئی تعلق نہیں۔گفتگو کے دوران صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے تعاون میں کسی ہچکچاہٹ کا مظاہرہ نہیں کریں گے۔
دوسری جانب ایرانی فوج کے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف میجر جنرل حسن فیروز آبادی نے ایک بیان میں کہا کہ ایران پاکستان سے تعلقات کو اہمیت دیتا ہے مگر پاکستان دہشت گردوں کے خلاف سنجیدہ اقدامات نہیں کر رہا۔اگر پاکستان نے ایران سے ملحق سرحد پر دہشت گردی کی سرگرمیاں روکنے کے لئے سنجیدہ اقدامات نہ کئے تو سرحد کا کنڑول ایران سنبھال لے گا۔
خبر کا کوڈ : 47517
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش