0
Monday 27 Jul 2015 15:54

عمران خان کا دھاندلی کے الزامات پر قائم رہنا افسوس ناک، اسحاق ڈار

عمران خان کا دھاندلی کے الزامات پر قائم رہنا افسوس ناک، اسحاق ڈار
اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر اسحاق ڈار نے عدالتی کمیشن کی تحقیقاتی رپورٹ آنے کے باوجود پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی جانب سے پاکستان مسلم لیگ نون کے خلاف الیکشن میں دھاندلی کے الزامات پر بدستور قائم رہنے پر افسوس ظاہر کیا ہے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو میں وزیرخزانہ کا کہنا تھا کہ عمران خان میچ ہار چکے ہیں اور اب وہ شرمندگی سے بچنے کی خاطر تنقید کر رہے ہیں۔ انہیں اپنا رویہ تبدیل کرلینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ عدالتی کمیشن نے واضح انداز میں 2013ء الیکشن پر نون لیگ کے موقف کی تائید کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ نون لیگ اور پی ٹی آئی نے عدالتی کمیشن کی متفقہ تشکیل کیلئے تفصیلی مذاکرات کیے تھے۔ دونوں جماعتوں کے درمیان طے پانے والے معاہدے کی شق 4.2 کے تحت کمیشن کا فیصلہ پی ٹی آئی کے خلاف آنے کی صورت میں وہ نون لیگ کے خلاف الزامات واپس لے لیں گے۔

ڈار کا کہنا تھا کہ اسی طرح فیصلہ ہمارے خلاف آنے کی صورت میں ملک میں الیکشن منعقد ہونا طے پایا تھا۔ انہوں نے وزیر اعظم کے معافی مانگنے کے مطالبے پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف معافی کیوں مانگیں؟، الیکشن کمیشن میں موجود خامیوں سے متعلق ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں، حتی کہ بہترین جمہوریتوں میں بھی انتخابی عمل نقائص سے مکمل پاک نہیں ہوتا۔ ڈار نے بتایا کہ انتخابی اصلاحات کی پارلیمانی کمیٹی الیکشن سسٹم میں اصلاحات متعارف کرانے کیلئے مصروف عمل ہے۔ پارلیمانی کمیٹی الیکشن کمیشن کے کام کرنے کے طریقہ کار میں بہتری کے راستے بھی تلاش کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پارلیمانی کمیٹی اور اس کی ذیلی کمیٹی کے اب تک 35 اجلاسوں میں بہت زیادہ محنت ہوئی ہے۔
خبر کا کوڈ : 476331
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش