0
Friday 28 Aug 2015 14:35

پشاور طورخم شاہراہ کی تکمیل دشمن کے پسپا ہونے کا اعلان ہے، صدر

فاٹا کیلئے اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں کی منظوری
پشاور طورخم شاہراہ کی تکمیل دشمن کے پسپا ہونے کا اعلان ہے، صدر
اسلام ٹائمز۔ صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے پشاور طورخم شاہراہ این فائیو کی تکمیل اس امر کا واضح اعلان ہے دشمن پسپا ہورہا ہے، یہ شاہراہ مغربی ایشیا اور وسط ایشیائی ممالک کو ملانے کےلئے پل کا کردار ادا کرے گی جس سے خطے میں امن اور ترقی و خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہوگا، پاک فوج کی لازوال قربانیوں سے ضرب عضب میں کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں۔ خیبر ایجنسی کے علاقے شگئی میں پشاور طورخم روڈ کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس عظیم اور تاریخی شاہراہ کا افتتاح ایک نئے دور کا آغاز ہے، یہ شاہراہ نہ صرف قبائلی علاقوں اور پاکستان کے حالات کی بہتری میں اہم کردار ادا کرے گی بلکہ اس کے افغانستان پر بھی انتہائی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ پاک چین اقتصادی راہداری عظیم الشان منصوبہ ہے جس سے پورے خطے کو فائدہ پہنچے گا۔ کراچی آپریشن کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں اور کراچی کی روشنیاں بحال ہورہی ہیں۔ این این آئی کے مطابق صدر نے کہا کہ مذاکرات کی ناکامی کے بعد دہشت گردوں کے خلاف ضرب عضب آپریشن شروع کیا گیا جسے تکمیل تک پہنچائیں گے۔ صدر نے کہا پشاور طورخم شاہراہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان بھائی چارے اور تجارت میں سنگ میل ہے اور اس سے دونوں ملکوںکے درمیان تجارتی و اقتصادی تعلقات کی نئی راہیں کھلیں گی اور علاقہ کے امن پر بھی اس کا مثبت اثر پڑے گا۔



آئی این پی کے مطابق خیبر پی کے جرگے سے خطاب کرتے ہوئے صدر نے فاٹا کے لیے اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کیا، ان کا کہنا ہے کہ قبائلی عوام نے مردانہ وار مسائل کا مقابلہ کر کے وطنِ عزیز کے دیگر علاقوں کو بہت سے مسائل سے بچا لیا۔ آپ لوگوں کو محسنینِ پاکستان کا خطاب دیا جائے تو اس میں کوئی مبالغہ نہ ہوگا۔ صدر مملکت نے کہا فاٹا کے عوام پاکستان کی معیشت، کاروبار، سیاست اور فوج سمیت زندگی کے ہر شعبے میں غیر معمولی خدمات سرانجام د ے رہے ہیں جس پر قوم کو اِن پر فخر ہے۔ آپریشن کی تکمیل کے بعد ضروری ہے سول انتظامیہ علاقے کا کنٹرول سنبھالے۔ اس مقصد کےلئے لیویز میں نئی آسامیاں منظور کی جارہی ہیں اور انہیں ضروری سازوسامان بھی مہیا کیا جارہا ہے۔ صدر نے کہا خیبر ایجنسی میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ کےلئے ڈائریکٹر ایجوکیشن کو ہدایت کر دی گئی ہے کہ وہ نئی آسامیوں کےلئے فوری طور پر کارروائی مکمل کریں اور یقینی بنایا جائے کوئی طالب علم داخلے سے محروم نہ رہے۔ صدر نے یقین دلایا قبائلی عمائدین اور ارکان پارلیمنٹ کی مشاورت سے فاٹا اصلاحاتی کمشن بھی جلد اپنا کام مکمل کرلے گا تاکہ نظام کی خرابیوں کو دور کر کے فاٹا کو ملک کے باقی علاقوں کے برابر لایا جاسکے۔ صدر نے قبائلی علاقوں میں نئی سڑکیں اور سپورٹس سٹیڈیم قائم کرنے کا بھی اعلان کیا۔ صدر مملکت نے اس امر پر مسرت اور اطمینان کا اظہار کیا کہ بے گھر افراد کی واپسی کا عمل تیزی سے جاری ہے اور صرف خیبر ایجنسی میں آپریشن خیبر ون کے بعد تقریباً66 ہزار سے زائد خاندان واپس اپنے گھروں کو پہنچ چکے ہیں۔ صدر نے یقین دلایا نئی زندگی شروع کرنے کےلئے حکومت انہیں تنہا نہیں چھوڑے گی۔ صدر نے جرگہ کےلئے 20 لاکھ روپے کا بھی اعلان کیا۔ گورنر خیبر پی کے مہتاب عباسی نے کہا قبائلی علاقوں میں بسنے والے اقلیتوں کو ڈومیسائل دینے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے اور جرگہ میں بھی اقلیتی برادری کو نمائندگی دی جائے گی۔
خبر کا کوڈ : 482517
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش