0
Wednesday 23 Sep 2015 10:04

عید پر پشاور ایئربیس طرز کے حملوں کا خدشہ، موثر سکیورٹی پلان تیار

عید پر پشاور ایئربیس طرز کے حملوں کا خدشہ، موثر سکیورٹی پلان تیار
اسلام ٹائمز۔ صوبہ پنجاب میں عیدالاضحیٰ کے موقع پر دہشتگردی کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق سیاسی شخصیات کے علاوہ عوامی اجتماعات کو بھی نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔ پشاور ائربیس پر حملہ کرنیوالے دہشتگردوں کی طرز پر پنجاب میں بھی دہشتگرد 4، 8 یا 10 افراد کا گروپ بنا کر حملہ کر سکتے ہیں۔ پنجاب پولیس دہشتگردوں کے ممکنہ حملہ آوروں پر نظر رکھنے کیلئے عید پر 11 سو مقامات پر سی سی ٹی وی کیمرے لگائے گی ۔سپیشل برانچ کے اڑھائی ہزار سے زائد اہلکار اور افسر بھی دہشتگردی کے سدباب کے کیلئے سادہ کپڑوں میں ڈیوٹی دیں گے۔ ایلیٹ فورس، کوئیک رسپانس فورس، سنائپرز، انسداد دہشتگردی فورس کے ہزاروں اہلکاروں کے ساتھ پنجاب پولیس کے 52 ہزار اہلکار و افسران بھی سکیورٹی ڈیوٹی دیں گے۔ ذرائع نے بتایا کہ عید کے موقع پر دہشتگردوں کے ممکنہ حملوں کے خدشے کے پیش نظر پنجاب پولیس نے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے ہیں۔

آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا کی طرف سے تمام اضلاع کے ڈی پی اوز اور لاہور کے سی سی پی او کو سکیورٹی کیلئے پولیس کی مناسب نفری لگانے اور انہین دس ہزار سے زائد میٹل ڈیٹیکٹر اور سیکڑوں واک تھرو گیٹ فراہم کرنے کے انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ پنجاب کے حساس اضلاع میں 1100 سی سی ٹی وی کیمرے لگانے کے ساتھ ساتھ مانیٹرنگ روم بھی بنائے جائیں گے تاکہ کسی بھی مشکوک شخص کو عید کے اجتماعات میں داخل ہونے سے قبل ہی روکا جا سکے۔ پنجاب میں عید سکیورٹی کی ڈیوٹی دینے والے ہزاروں اہلکاروں اور افسران کی چھٹیاں منسوخ کر دی گی ہیں۔ اہلکاروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ عید کے نماز کے بعد فوری نہ ہٹیں کیوں کہ دہشتگرد نماز کے اختتام پر بھی حملہ کر سکتے ہیں۔ اس لئے تمام اہلکار اس وقت تک چوکس رہیں جب تک پورے نمازیوں کا عید گاہ سے انخلاء مکمل نہیں ہو جاتا۔ اس کے ساتھ ساتھ ایس ایچ اوز کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے اپنے علاقے میں موجود رہیں اور گشت سمیت سرچ آپریشن کا سلسلہ جاری رکھیں۔
خبر کا کوڈ : 487036
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش