0
Friday 9 Oct 2015 22:35

تحریک انصاف کی صوبائی حکومت ملت تشیع کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام ہوچکی ہے، علامہ سبطین حسینی

تحریک انصاف کی صوبائی حکومت ملت تشیع کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام ہوچکی ہے، علامہ سبطین حسینی
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ سید سبطین حسینی نے پشاور میں اے ایس آئی ملک جرار علی کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنانے پر سخت غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سکیورٹی اداروں کی غفلت کے باعث شرپسند قوتیں ایک بار پھر سر اٹھا رہی ہیں۔ خیبر پختونخوا میں شیعہ افراد کو چن چن کر قتل کیا جا رہا ہے، جس سے خیبر پختونخوا حکومت کی ’’اعلٰی صلاحیتیں‘‘ بے نقاب ہوگئی ہیں۔ ملت تشیع کو مجالس و جلوس کے حوالے سے دھمکی آمیز خطوط موصول ہو رہے ہیں۔ بنوں میں مجالس و جلوس محدود کرنے کے لئے مبینہ طور پر داعش کی طرف سے لکھا گیا خط تقسیم کیا گیا، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ شرپسند عناصر کی جڑیں ابھی تک پھیلی ہوئی ہیں۔ ضرب عضب کے دائرے کو وسیع کرتے ہوئے پشاور سمیت پورے صوبے تک پھیلایا جانا چاہیئے، تاکہ ملک کے امن و امان کو نقصان پہنچانے والے عناصر کا مکمل طور پر صفایا کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ماہ محرم کے دوران حساس مقامات پر فول پروف سکیورٹی کا انتظام کیا جائے، تاکہ کسی قوت کو عزاداری کے پروگراموں میں رخنہ ڈالنے کی ہمت نہ ہوسکے۔ مجالس و جلوس کو تحفظ فراہم کرنا صوبائی حکومت کی پیشہ وارانہ ذمہ داری ہے۔ خدا نخواستہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کے رونما ہونے کی صورت میں تمام تر ذمہ داری خبیر پختونخوا حکومت اور متعلقہ انتظامیہ پر عائد ہوگی۔
خبر کا کوڈ : 489852
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش