0
Monday 9 Nov 2015 11:43

طلباء کو اقبال کے شاہین کی صفات پیدا کرکے ملک و قوم کی خدمت کیلئے اپنے آپکو تیار کرنا ہوگا، عبداللہ رضا

طلباء کو اقبال کے شاہین کی صفات پیدا کرکے ملک و قوم کی خدمت کیلئے اپنے آپکو تیار کرنا ہوگا، عبداللہ رضا
اسلام ٹائمز۔ جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان راولپنڈی ڈویژن کے ڈویژنل صدر عبداللہ رضا نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ہم سب کو اقبال کے افکار کو سمجھنے کی ضرورت ہے۔ اقبال نے پاکستان کا خواب دیکھا اور قائد اعظم محمد علی جناح نے دن رات کی انتھک محنت کے بعد اس خواب کو پایہ تکمیل تک پہنچایا۔ مگر اقبال کے شاہینوں کا خواب ابھی تشنہ ہے۔ اقبال نے اس ملک کے نوجوانوں اور بالخصوص طلباء کو جس طرح پیش کرنے کا سوچا تھا، اس کو عملی جامہ پہنانے کی ضرورت ہے۔ اقبال اپنے ان جوانوں میں خودی پیدا کرنا چاہتے تھے اور یہ چاہتے تھے کہ پاکستان کا ہر جوان اپنے اندر شاہین کی صفات پیدا کرکے اس ملک کی ترقی اور سربلندی کے لئے صف اول میں کھڑا نظر آئے۔ مذہبی تفرقہ بندیاں، لسانی اختلافات کو ختم کرکے ایک ہی صف میں کھڑے ہو کر ہم سب کو آگے بڑھنا ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ آج جب ہم علامہ اقبال کا 138واں یوم ولادت منا رہے ہیں تو اس موقع پر ہم سب کو اپنے ساتھ عہد کرنا ہوگا کہ ہمیں اقبال کا وہی شاہین بننا ہے، جس کے بارے میں اقبال کہہ گئے تھے:
شاہین کبھی پرواز سے تھک کر نہیں گرتا
پُر دم ہے اگر تو تو نہیں خطرہ اُفتاد
ہمیں تمام مشکلات کا سامنا کرتے ہوئے اس ملک کی سربلندی کے لئے کبھی تھک ہار کر بیٹھنا نہیں ہوگا اور ہمیشہ اپنے آپ کو ملکی ترقی اور سلامتی کے لئے کمر بستہ رہنا ہوگا۔ ہمیں اپنے لئے خود شاہین کا جہاں بنانا ہوگا اور کرگس کے جہاں سے نکلنا ہوگا، کیونکہ یہ دونوں اگرچہ ایک ہی فضا میں اڑتے ہیں اور ایک ہی جگہ پر محو پرواز نظر آتے ہیں لیکن کرگس اور شاہین کی صفات میں زمین آسمان کا فرق ہوتا ہے۔ آج جبکہ وقت ہے اور ہماری افواج دہشت گردوں کا قلعہ قمعہ کرنے میں مصروف عمل ہے۔ اس صورت میں ہم سب کی ذمہ داری بنتی ہے کہ ہم سب مل کر اس ملک کی ترقی میں کردار ادا کریں۔
خبر کا کوڈ : 496580
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش