0
Monday 16 Nov 2015 15:32

گذشتہ حکومت کی ناقص کارکردگی اور غفلت نے پاکستان کو اندھیروں میں دھکیل دیا تھا، شہباز شریف

گذشتہ حکومت کی ناقص کارکردگی اور غفلت نے پاکستان کو اندھیروں میں دھکیل دیا تھا، شہباز شریف
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلٰی پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کی انتھک محنت کی وجہ سے 2017ء پاکستان کی ترقی کا سال ہوگا اور نیشنل گرڈ میں ہزاروں میگاواٹ بجلی شامل ہونے سے ملک میں چھائے اندھیرے روشنیوں میں تبدیل ہو جائیں گے، دیگر ممالک سے سرمایہ کار یہاں کا رخ کریں گے۔ پہلے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات میں عوام نے محنت، دیانت اور میرٹ کی توثیق کر دی اور الزام و بہتان کی سیاست کو رد کر دیا ہے۔ گذشتہ حکومت کی ناقص کارکردگی اور غفلت نے پاکستان کو اندھیروں میں دھکیل دیا تھا۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار مظفر گڑھ میں تھرمل پاور کی مرمت و بحالی کے افتتاحی منصوبے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ امریکی حکومت اور یو ایس ایڈ کے تعاون سے مظفر گڑھ تھرمل پاور سٹیشن کو دوبارہ اپنے پائوں پر کھڑا کر دیا گیا ہے، 1993ء میں قائم ہونے والے تھرمل پاور کی پیداواری صلاحیت 1300 میگاواٹ سے کم ہو کر 650 میگاواٹ تک آگئی تھی۔ ڈیڑھ ارب روپے کی سرمایہ کاری سے نئی مشینری کی تنصیب، پاور اسٹیشن کے قیام سمیت دیگر اقدامات کرکے پیداواری صلاحیت 650 میگاواٹ سے 1150 میگاواٹ تک کر دی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے دیگر علاقوں میں گیس پر چلنے والے 3600 میگاواٹ کے منصوبوں پر کام شروع کر دیا گیا ہے، شفاف طریقے سے چین اور امریکہ کی کمپنیوں نے ٹینڈر حاصل کئے اور دونوں کے مشترکہ طور پر کام کرنے سے یہ منصوبے 2017ء میں پیداوار شروع کر دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کا ایک، ایک کلو واٹ پاکستان کی ضرورت ہے اور 2017ء میں ہزاروں میگاواٹ بجلی بڑھنے سے زراعت، صنعت، سکول، کالج، کامرس اور دیگر شعبے ترقی کریں گے، جبکہ ملک سے بیروزگاری کا خاتمہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف انرجی بحران پر قابو پانے کیلئے اپنی توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں، ان کی محنت سے نیشنل گرڈ میں ہر ماہ بجلی کی پیداوار میں اضافہ ہو رہا ہے۔ وزیراعلٰی پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا کہ آج عظیم دن ہے، پاکستان اور امریکہ کے تعلقات مزید مضبوط ہوںگے۔ انہوں نے انرجی بحران پر قابو پانے کیلئے امریکی اور چین کی حکومتوں کی کوششوں کی تعریف کی۔
خبر کا کوڈ : 498217
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش