0
Tuesday 22 Mar 2016 22:28

جامعتہ المنتظر لاہور کی 2 روزہ 62 سالہ تقریبات کا آغاز ہو گیا

جامعتہ المنتظر لاہور کی 2 روزہ 62 سالہ تقریبات کا آغاز ہو گیا
اسلام ٹائمز۔ عظیم دینی درسگاہ حوزہ علمیہ جامعتہ المنتظر لاہور کی 2 روزہ 62 سالہ تقریبات کا آغاز ہو گیا ہے، جس میں ملک بھر سے علما کرام اور زعماء ملت شریک ہیں، تقریبات کا آغاز شیخ الجامعہ علامہ اختر عباس اور مولانا صفدر حسین نجفی کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی اور ان کی قبور پر پھولوں کی چادریں چڑھانے سے ہوا اور بزرگ علما کی تعلیمات قرآن و اہل بیت کی ترویج میں کردار کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ اس موقع پر وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کی مجلس اعلٰی اور مرکزی کابینہ کا مشترکہ اجلاس علامہ ریاض حسین نجفی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔

اجلاس میں علامہ ساجد علی نقوی، علامہ نیاز حسین نقوی، علامہ جواد ہادی، علامہ محمد جمعہ اسدی، علامہ رمضان توقیر، علامہ عبدالمجید بہشتی، علامہ شبیر حسن میثمی، علامہ فیاض حسین نقوی اور دیگر علما شریک ہوئے۔ اجلاس میں تشویش کا اظہار کیا گیا کہ مدارس کی رجسٹریشن کے فارم کو وفاقی وزارت داخلہ کو اتحاد تنظیمات مدارس کی طرف سے بھجوایا گیا ہے مگر اس پر ابھی تک کوئی اجلاس طلب نہیں کیا گیا اور نہ ہی پانچوں وفاق المدارس کی قیادت کو اعتماد میں لیا گیا ہے۔ اجلاس میں طالبات کے مدارس دینیہ کیلئے پالیسی کی تشکیل اور حقوق نسواں بل پر حکومت کی طرف سے طلب کردہ تجاویز کیلئے کمیٹیاں تشکیل دینے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

تحفظ عقائد تشیع کے حوالے سے اجلاس بھی منعقد کیا گیا۔ جس میں علامہ ساجد نقوی سمیت علامہ شیخ محسن علی نجفی، علامہ عارف حسین واحدی، علامہ سبطین سبزواری اور دیگر علما شریک ہوئے۔ بزرگ علما کیساتھ مدارس دینیہ کو درپیش مسائل اور دیگر قومی امور پر مباحثے میں تبلیغی مراکز کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ محسن ملت مولانا صفدر حسین نجفی مرحوم کے موسس کردہ مدارس کے پرنسپل صاحبان کا اجلاس بھی منعقد ہوا۔ کل آخری روز استحکام پاکستان جلسہ سے علامہ ساجد علی نقوی سمیت دیگر قائدین خطاب کریں گے اور حوزہ علمیہ جامعتہ المنتظر کے نئے ہاسٹل کا بھی افتتاح کیا جائے گا۔ وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے بانی اور جامعتہ المنتظر کے سابق پرنسپل محسن ملت مولانا صفدر حسین نجفی اور شیخ الجامعہ علامہ اختر عباس کی برسی کی مناسبت سے حسینی ٹرسٹ کے عہدیداران، معاونین جامعہ اور بزرگ علما خطاب کریں گے۔ جامعتہ المنتظر کے پرنسپل حافظ ریاض حسین نجفی کے کلمات تشکر اور دعا سے 2 روزہ تقریبات اختتام پذیر ہوں گی۔
خبر کا کوڈ : 528980
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش