0
Thursday 21 Jul 2016 21:09

مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے علی گیلانی کے فارمولے کی تائید کرتے ہیں، صاحبزادہ حامد رضا

مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے علی گیلانی کے فارمولے کی تائید کرتے ہیں، صاحبزادہ حامد رضا
اسلام ٹائمز۔ اسلامک ریسرچ کونسل کے صدر ڈاکٹر مفتی محمد کریم خان کی لاہور میں رہائش گاہ اپنے اعزاز میں دیئے گئے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ اویس شاہ کی بازیابی پاک فوج کا قابل تحسین کارنامہ ہے، رینجرز کے اختیارات میں توسیع کے معاملہ پر سیاست بازی افسوسناک ہے، رینجرز اختیارات کے معاملہ پر سندھ حکومت کے تاخیری حربوں سے کراچی آپریشن متاثر ہو رہا ہے، مودی کو شادی کی دعوتوں میں بلانے والے کشمیریوں کے خیر خواہ نہیں ہو سکتے، خطرات میں گھرے پاکستان کو صحت مند وزیر اعظم کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی حمایت کے حصول کیلئے جمہوری حکومت کو کارکردگی دکھانا ہو گی۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزیدکہا کہ پنجاب کے ہسپتال اور کالج ویران پڑے ہیں لیکن پنجاب حکومت نے میٹرو ٹرین پر 217 ارب خرچ کر ڈالے ہیں، حکمران ریاست کو درپیش خطرات کی سنگینی کا احساس کریں، حکومت کیخلاف پوری اپوزیشن متحد ہے۔ صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے علی گیلانی کے فارمولے کی تائید کرتے ہیں، ہمارے وزیراعظم بھارت سے آلو پیاز اور ٹماٹر کی بات تو کرتے ہیں مگر کشمیر کے مسئلہ انکی ترجیحات میں شامل نہیں۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت کے اثرات عوام تک پہنچتے رہیں تو عوام جمہوریت کی سب سے بڑی محافظ ہوتی ہے، مظلوم کشمیریوں کیلئے روایتی بیانات نہیں عملی اقدامات کی ضرورت ہے، کشمیری کمیٹی کی قیادت تبدیل کی جائے اور کسی غیر متنازعہ شخصیت کو کشمیر کمیٹی کا چیئرمین بنایا جائے۔
خبر کا کوڈ : 554552
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش