0
Sunday 21 Aug 2016 12:00

ترکی، شادی کی تقریب میں دھماکہ، 50 افراد جاں بحق 94 زخمی، داعش کے ملوث ہونیکا امکان

ترکی، شادی کی تقریب میں دھماکہ، 50 افراد جاں بحق 94 زخمی، داعش کے ملوث ہونیکا امکان
اسلام ٹائمز۔ شام کی سرحد کے قریب ترکی کے شہر غازی انتیپ میں ایک شادی کی تقریب میں ہونے والے دھماکے میں 50 افراد جان بحق اور 94 زخمی ہوگئے۔ فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق غازی انتیپ کے گورنر علی یرلی کایا نے بتایا کہ ہفتے کی شب جاری شادی کی ایک تقریب میں ہونے والے دھماکے میں 50 افراد جاں بحق ہوئے۔ انہوں نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہھرے میں لانے کا عزم ظاہر کیا۔ ترک صدر رجب طیب اردگان نے دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ممکنہ طور پر اس حملے کے پیچھے شدت پسند تنظیم داعش کا ہاتھ ہوسکتا ہے۔ حکمراں جسٹس اینڈ ڈویلپمنٹ پارٹی کے رکن اسمبلی محمد اردگان کا کہنا ہے کہ یہ واضح نہیں کہ حملہ کس نے کیا، تاہم یہ ممکنہ طور پر خودکش حملہ تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ حملے کی نوعیت کو دیکھ کر لگتا ہے کہ یہ شدت پسند تنظیم داعش یا کردستان ورکرز پارٹی کی جانب سے کیا گیا ہے۔ رپورٹس کے مطابق دھماکہ ممکنہ طور پر داعش کی جانب سے کیا گیا، کیونکہ جس علاقے میں دھماکہ ہوا ہے وہاں کردوں کی اکثریت ہے اور شادی میں بھی بڑی تعداد میں کرد کمیونٹی کے افراد شریک تھے۔

ترکی کے نائب وزیراعظم محمد سمسیک نے کہا کہ حملے کا مقصد ہمیں خوف زدہ کرنا ہے لیکن ہم اس کی اجازت نہیں دیں گے۔ واضح رہے کہ ترکی میں گذشتہ مہینوں کے دوران دو بڑے شہروں میں بھی بم دھماکے ہوچکے ہیں، کرد جنگجوئوں کی جانب سے انقرہ میں دو بار دھماکے کئے جاچکے ہیں جبکہ داعش استنبول میں دو بم دھماکوں کی ذمہ داری قبول کرچکی ہے۔ 15 جولائی کو بغاوت کی ناکام کوشش کے بعد سے ترکی میں ایمرجنسی نافذ ہے، گذشتہ دنوں ہونے والے بم دھماکوں میں بھی 12 افراد جاں بحق ہوگئے تھے اور اس حملے کی ذمہ داری کردستان ورکرز پارٹی پر عائد کی گئی تھی۔ واضح رہے کہ غازی انتیپ میں دھماکہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب ترک وزیراعظم بن علی یلدرم نے اعلان کیا تھا کہ آنے والے دنوں میں شام میں ترکی کا کردار مزید فعال ہوگا۔ ادھر پاکستان نے ترکی کے شہر غازی انتیپ میں ہونے والے دھماکے کی پر زور مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی حکومت اور قوم غم کی اس گھڑی میں ترک عوام کے ساتھ برابر کی شریک ہے۔ ریڈیو پاکستان کی رپوٹ کے مطابق دفتر خارجہ سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا کہ دہشتگردی کے خلاف جدوجہد اور ملک میں امن و امان کے قیام کیلئے کی جانے والی کوششوں میں پاکستان ترکی کے ساتھ ہے۔ دفتر خارجہ کے بیان میں مزید کہا گیا کہ پاکستان ہر طرح کی دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے۔
خبر کا کوڈ : 562102
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش