0
Friday 2 Sep 2016 15:01

لاہور، آئی ایس او کے مرکزی کنونشن کا آغاز ہوگیا، سکاؤٹس کے دستے کی سلامی

لاہور، آئی ایس او کے مرکزی کنونشن کا آغاز ہوگیا، سکاؤٹس کے دستے کی سلامی
اسلام ٹائمز۔ امامیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے سالانہ مرکزی کنونشن کا باقاعدہ آغاز سکاؤٹس سلامی سے ہو گیا۔ امامیہ سکاؤٹس کے چاک و چوبند دستے نے تنظیم کے بانی رہنما شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی کے مزار پر سلامی پیش کی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔ سلامی کی تقریب میں آئی ایس او پاکستان کے مرکزی صدر علی مہدی، ممتاز عالم دین علامہ شبیر بخاری، ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی رہنما سید ناصر عباس شیرازی سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔ اس موقع پر شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی کی ملت کیلئے خدمات اور آئی ایس او کی تاریخ پر روشنی ڈالی گئی۔ سلامی کے موقع پر رقت آمیز مناظر دیکھنے کو ملے۔ سکاؤٹس نے تنظیمی ترانہ پیش کیا جس کے بعد ترانہ شہادت پیش کیا گیا۔ علامہ شبیر بخاری نے اپنے خطاب میں کہا کہ آئی ایس او وطن عزیز پاکستان کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کی محافظ ہے، آج آئی ایس او کے صالح نوجوانوں کی بدولت ہی استعمار کی سازشیں ناکام ہوئی ہیں اور نوجوان نسل کو گمراہ کرنے کے سارے منصوبے زمین بوس ہو گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آئی ایس او کے نئے کارکن آج تجدید عہد کیلئے شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی کے مزار پر جمع ہیں اور اس عزم کا اظہار کریں گے کہ وہ وطن عزیز پاکستان کی سلامتی کیلئے اپنا تن، من اور دھن قربان کر دیں گے۔ آئی ایس او کے مرکزی صدر علی مہدی کا کہنا تھا کہ آئی ایس او کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ اس نے ہمیشہ ملت کے وقار کو بلند کیا ہے، آج پوری دنیا میں آئی ایس او کے کارکن مختلف شعبہ ہائے زندگی میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی کا قوم ہے کہ ذمہ داری کچھ بھی نہیں، احساس ذمہ داری ہی سب کچھ ہے، آج نوجوانوں میں اسی احساس کو بیدار کرنے کیلئے پورے ملک سے نوجوانوں کو یہاں جمع کیا گیا ہے۔ علی مہدی نے مزید کہا کہ آئی ایس او صالح، باشعور اور باکردار نوجوانوں کا پلیٹ فارم ہے جس کے کارکن جہاں ملی معاملات میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہیں وہاں قومی اور علمی میدان میں بھی کسی سے کم نہیں۔
خبر کا کوڈ : 564615
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش