0
Wednesday 2 Mar 2011 09:55

ممبئی حملے،پاکستانی عدالتی کمیشن کو بھارت آنے کی مشروط پیشکش

ممبئی حملے،پاکستانی عدالتی کمیشن کو بھارت آنے کی مشروط پیشکش
لاہور:اسلام ٹائمز۔ بھارت نے ممبئی حملوں کے بعض گواہوں سے پوچھ گچھ کیلئے پاکستانی عدالتی کمیشن کی بھارت آمد کو اس بات سے مشروط کر دیا ہے کہ پاکستان بھی ممبئی حملوں کے الزام میں گرفتار افراد سے تفتیش کیلئے بھارتی ٹیم کو پاکستان آنے کی اجازت دے۔ بھارتی وزیر داخلہ پی چدم برم نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کو اس بات پر کوئی اعتراض نہیں کہ پاکستانی کمیشن ممبئی حملوں کی تحقیقات کیلئے بھارت آنا چاہتا ہے، تاہم اس کیلئے بھارتی وفد کو بھی پاکستان جا کر ملزمان سے تفتیش کی اجازت دینا ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اس حوالے سے پاکستان کو تحریری طور پر مطلع کر چکا ہے، تاہم پاکستان کی طرف سے ابھی تک کوئی جواب نہیں دیا گیا۔ 
اے آر وائی نیوز کے مطابق بھارت نے ممبئی حملہ کیس کی تحقیقات کرنے والے پاکستانی جوڈیشل کمیشن کو نئی دہلی آنے کی پیشکش کی ہے۔ بھارتی وزیر داخلہ پی چدم برم نے نئی دہلی میں میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ ممبئی حملوں کی تحقیقات کرنے والا پاکستان کا کمیشن نئی دہلی آ سکتا ہے۔ اس دوران کمیشن کے ارکان اجمل قصاب کا علاج کرنے والی ٹیم اور عینی شاہدین سے معلومات اکھٹا کر سکتے ہیں۔
بھارتی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ پاک بھارت سیکریٹری خارجہ مذاکرات کے بعد تفتیش کی اجازت دینے کا حتمی فیصلہ ہو گا۔ اس سلسلے میں بھارتی حکومت نے اپنے موقف میں نرمی لانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اجمل قصاب سے پاکستان کی تفتیش کا انحصار پاک بھارت سیکریٹری خارجہ مذاکرات پر ہے۔ مذاکرات کے دوران پاکستان کو ٹرائل کے بارے میں اہم دستاویز پیش کی جائیں گی۔ ممبئی حملوں کے الزام میں اجمل قصاب کو سنائی گئی سزا ممبئی ہائیکورٹ نے برقرار رکھی تھی۔
خبر کا کوڈ : 57101
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش