0
Tuesday 29 Nov 2016 23:09

پاکستان عوامی تحریک کا ضرب امن وتبدیلی نظام سائیکل کارواں ملتان پہنچ گیا، شاندار استقبال

پاکستان عوامی تحریک کا ضرب امن وتبدیلی نظام سائیکل کارواں ملتان پہنچ گیا، شاندار استقبال
اسلام ٹائمز۔ 20 نوجوانوں پر مشتمل 20 نومبر کو مزار قائد کراچی سے شروع ہونیوالا پاکستان عوامی تحریک یوتھ ونگ کا ضرب امن و تبدیلی نظام سائیکل کارواں سندھ اور بلوچستان کے مختلف شہروں سے ہوتا ہوا ملتان پہنچ گیا۔ ملتان پہنچنے پر پاکستان عوامی تحریک کے قائدین اور مختلف سیاسی و سماجی شخصیات نے کارواں کا شاندار استقبال کیا۔ کارواں کو ایک بڑی ریلی کی صورت میں قذافی چوک سے گھنٹہ گھر چوک تک لے جایا گیا۔ جہاں مقررین نے خطابات کئے، اس موقع پر سائیکل کارواں کے شرکاء کی دستار بندی کی گئی، پھولوں کے ہار پہنائے گئے اور کارواں پر پھولوں کی پتیاں بھی نچھاور کی گئیں۔ گھنٹہ گھر چوک پر بابو نفیس انصاری، فٹبال ایسوسی ایشن کے صدر جاوید قریشی، متحدہ میلاد کونسل کے صدر زاہد بلال قرشی، سنی تحریک کے صوبائی رہنما ڈاکٹر عمران مصطفےٰ کھوکھر، مرکزی میلاد کمیٹی کے صدر رکن الدین ندیم حامدی، عوامی مسلم لیگ کے رہنما رائو ذوالقرنین، عامر شہزاد صدیقی، یاسمین خاکوانی، غزل غازی، سلمان الہی قریشی ایڈووکیٹ، پادری نعیم جاوید اور دیگر نے کارواں کا بھرپور استقبال کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پاکستان عوامی تحریک یوتھ ونگ کے مرکزی صدر مظہر محمود علوی نے کہا کہ کارواں کو شہر اولیاء ملتان میں خوش آمدید کہتے ہیں۔ عوامی تحریک و تحریک منہاج القرآن کے نوجوانوں نے سائیکل کارواں کے ذریعے ہر گھر اور گلی میں دستک دی ہے کہ امن کا قیام اور ظالم نظام گھر بیٹھے تبدیل نہیں ہوگا۔ اس کیلئے ہر پاکستانی کو اپنا قومی کردار ادا کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پرتپاک استقبال پر ملتان کی سیاسی، سماجی، مذہبی جماعتوں، صحافتی تنظیموں کے عہدیداران اور معززین شہر کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے تبدیلی نظام کاروان کا شاندار استقبال کیا، یہ استقبال اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان کے دیگر اضلاع کے محب وطن پاکستانیوں کی طرح ملتان کے عوام بھی ظلم اور استحصال کا خاتمہ چاہتے ہیں، ملکی سیاست اور تعمیری سرگرمیوں میں نوجوانوں کی بھرپور شرکت کے آرزومند ہیں۔ یوتھ ونگ کے مرکزی سیکرٹری جنرل منصور قاسم اعوان نے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری کی ساری زندگی بیداری شعور مہم کے حوالے سے وقف ہے، ان کا امن اور رواداری کا پیغام لے کر ان کے کارکنان گلی گلی، گائوں گائوں جا رہے ہیں۔ نوجوانوں کو انتہا پسندی، سیاسی و سماجی استحصال سے بچانا، انہیں ایک سچا پاکستانی اور سفیر امن بنانا تحریک منہاج القرآن کا مشنری پیغام ہے۔
خبر کا کوڈ : 587582
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش