0
Saturday 10 Dec 2016 12:06

سی آئی اے نے ٹرمپ کی جیت کا ذمہ دار روس کو قرار دیدیا

سی آئی اے نے ٹرمپ کی جیت کا ذمہ دار روس کو قرار دیدیا
اسلام ٹائمز۔ امریکی خفیہ ایجنسی سی آئی اے نے الزام عائد کیا ہے کہ روس نے امریکی صدارتی انتخابات میں مداخلت کرکے ڈونلڈ ٹرمپ کو جتوایا۔ امریکی جریدے واشنگٹن پوسٹ کے مطابق سی آئی اے کی جانب سے امریکی حکام کو بتایا گیا ہے کہ یہ بات بالکل واضح ہے کہ نومبر میں ہونے والے صدارتی انتخابات میں ڈونلڈ ٹرمپ کو جتوانا روس کا اولین مقصد تھا۔ سی آئی اے کے مطابق روس نے امریکی انتخابات میں مداخلت کرکے ڈونلڈ ٹرمپ کو جتوانے میں اہم کردار ادا کیا۔ امریکی صدر براک اوباما نے کانگریس کی جانب سے الیکشن کے دوران روسی مداخلت کی تحقیقات کے بڑھتے ہوئے مطالبے کے بعد گذشتہ ماہ ہونے والے صدارتی انتخابات کے دوران ہونے والے سائبر حملوں کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔ دوسری جانب نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سی آئی اے کی جانب سے انہیں جتوانے کے لئے روسی مدد کی تردید کر دی۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا کہ الیکشن جتوانے میں روسی مدد کی بات کرنے والے وہی لوگ ہیں، جو کہتے تھے کہ صدام حسین نے بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیار (ڈبلیو ایم ڈیز) جمع کر رکھے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکی انتخابات تاریخ کی سب سے بڑی الیکٹورل کالج فتح کے ساتھ کافی پہلے ختم ہوچکے ہیں۔ لہذا امریکا کو ایک بار پھر سے عظیم بنانے کے لئے آگے چلا جائے۔ سائبر حملوں کے حوالے سے ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ہیکنگ روس سے بھی ہوسکتی ہے، چین سے بھی اور نیو جرسی میں بیٹھ کر بھی کوئی شخص ہیکنگ کرسکتا ہے۔ واضح رہے کہ گذشتہ ماہ ہونے والے امریکی صدارتی انتخابات میں ریبلپکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے ڈیموکریٹک امیدوار ہلیری کلنٹن کو واضح مارجن سے شکست دی تھی، جبکہ ڈونلڈ ٹرمپ کی کامیابی کے بعد امریکا میں بڑے پیمانے پر مظاہروں کا سلسلہ شروع ہوگیا۔
خبر کا کوڈ : 590290
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش