0
Monday 26 Dec 2016 10:43

کشمیر یونیورسٹی طلبہ کا عالمی سطح پر مسلمانوں کے قتل عام کیخلاف احتجاجی دھرنا

کشمیر یونیورسٹی طلبہ کا عالمی سطح پر مسلمانوں کے قتل عام کیخلاف احتجاجی دھرنا
اسلام ٹائمز۔ کشمیر یونیورسٹی کے مختلف شعبہ جات میں زیر تعلیم طلاب نے فلسطین، شام، عراق اور افریقہ میں مسلمانوں کے قتل عام کے خلاف خاموش احتجاجی دھرنا دیا۔ احتجاجی دھرنے میں شامل طلاب و طالبات کا کہنا تھا کہ جمہوریت کا دعویٰ کرنے والے ممالک میں مسلمانوں پر ہو رہے مظالم کے خلاف آواز اٹھانا لازمی بن گیا ہے، کیونکہ انسانی حقوق کیلئے کام کرنے والی تنظیموں نے مسلمانوں پر ہو رہے مظالم و بربریت سے اپنی آنکھیں پھیر لی ہیں۔ طلاب و طالبات نے اقوام متحدہ سمیت انسانی حقوق کیلئے کام کرنے والے اداروں سے اپیل کی ہے کہ وہ کشمیر، فلسطین، شام اور دیگر ممالک میں مسلمانوں کے قتل عام کو روکنے میں اپنا رول ادا کریں۔ مقبوضہ کشمیر کی مرکزی یونیورسٹی میں آج شدید سردی کے بیچ جامعہ کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے طلاب و طالبات نے شام، فلسطین، عراق اور دیگر یورپی اور افریقی ممالک میں مسلمانوں کے قتل عام کے خلاف خاموش احتجاجی دھرنا دیا۔ مظاہرین اس دوران اسرائیل و اقوام متحدہ مخالف اور فلسطین کی حمایت میں زور دار نعرے بھی لگا رہے تھے۔

احتجاجی دھرنے میں شامل طلاب کا کہنا تھا کہ احتجاج کر کے ہم ان شہداء کو خراج عقیدت ادا کرنا چاہتے ہیں، جو شام، عراق، مصر، فلسطین اور دیگر یورپی اور افریقی ممالک میں ظلم و جبر کا مقابلہ کرتے ہوئے اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اقوام متحدہ سمیت دیگر عالمی تنظیمیں کشمیر، فلسطین، برما اور افریقی علاقوں میں مسلمانوں کو تحفظ دینے میں ناکام ہو چکی ہیں۔ دھرنے میں شامل ایک طالب علم نے بتایا کہ اقوام متحدہ کو اگرچہ تمام ممالک میں عام شہریوں کو حاصل حقوق کی حفاظت کیلئے بنایا گیا ہے، مگر اقوام متحدہ صرف غیر مسلموں کے حق کی بات کرتا ہے اور جب مسلمانوں پر ہونے والے مظالم کی بات ہوتی ہے، تو یہ ادارہ خاموش ہوجاتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ امریکہ اور اسرائیل کے ہاتھوں مسلمانوں پر مظالم کئے جا رہے ہیں مگر عالمی ادارے خاموش ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انسانی حقوق کیلئے کام کرنے والے عالمی ادارے صرف غیر مسلم ممالک کے تحفظ میں لگے ہوئے ہیں، اس لئے مسلمانوں پر ضروری ہے کہ وہ اپنے حقوق کیلئے خود آواز بلند کریں۔
خبر کا کوڈ : 594641
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش