0
Thursday 17 Mar 2011 11:39

ریمنڈ ڈیوس کی رہائی کےخلاف لاہور سمیت ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے، قومی غیرت کے سوداگروں کیخلاف قوم سڑکوں پر نکل آئی

ریمنڈ ڈیوس کی رہائی کےخلاف لاہور سمیت ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے، قومی غیرت کے سوداگروں کیخلاف قوم سڑکوں پر نکل آئی
لاہور:اسلام ٹائمز-دو پاکستانیوں کے قتل میں ملوث ریمنڈ ڈیوس کی رہائی کےخلاف لاہورسمیت ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے لاہورمیں امامیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن، جماعت اسلامی، تحریک انصاف اور پیپلز ڈیمو کریٹک فرنٹ کی جانب سے پر یس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ مظاہروں میں پولیس کے لاٹھی چارج سے دس افراد زخمی ہو گئے، ریمنڈ ڈیوس رہائی کے خلاف شہری پریس کلب کے باہر جمع ہو گئے، جنہیں منتشر کرنے کے لئے پولیس نے لاٹھی چارج شروع کر دیا، مظاہرین نے پولیس پر پتھراﺅ کیا جس سے ایس ایچ او گڑھی شاہو سمیت متعدد پولیس اہلکار زخمی ہو گئے، پولیس نے خواتین سمیت دس مظاہرین کو گرفتار کر لیا، مظاہرین نے سڑک بلاک کر کے گھنٹوں ٹریفک بلاک رکھی، آئی ا یس او اور تحریک انصاف کے کارکنوں نے امریکی قونصل خانے کی طرف جانے کی کوشش کی جس پر پولیس نے لاٹھی چارج کیا، تحریک انصاف کے مظاہرین نے پولیس پر پٹرول پھینک کر آگ لگانے کی کوشش کی، انتظامیہ نے امریکی قونصل خانے کی سیکیورٹی کے لئے رینجرز کو طلب کر لیا۔
رہنماﺅں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن پاکستانی قوم کے لئے سیاہ دن ہے، آج کا دن میثاق ڈھاکہ سے بھی زیادہ برا دن ہے، صدر زرداری، وزیراعظم گیلانی کے ساتھ ساتھ  پنجاب حکومت بھی اس جرم میں شریک ہے، پاکستان کی عدالتوں میں آج تک کسی ملزم کا اتنا جلدی فیصلہ نہیں ہوا مگر آج عدلیہ نے بھی ایک سوالیہ نشان چھوڑ دیا ہے، تحریک انصاف کے رہنما میاں محمود الرشید نے کہا کہ آج پاکستانی قوم کا سر جھک گیا، یہ کسی کا انفرادی مسئلہ نہیں یہ قوم کی بقاء کا مسئلہ تھا، وزیر اعلیٰ شہباز شریف ایک دن پہلے ہی ملک چھوڑ کر چلے گئے ،امریکی اہلکار کی گاڑی کے نیچے آ کر جاں بحق ہونے والے عبادالرحمن کے بھائی محمد نے بھی مظاہرے میں شرکت کی، ان کا کہنا تھا کہ ان سے کسی نے کوئی رابطہ نہیں کیا، ان کے بھائی کے چار نامعلوم قاتل ابھی قانون کی گرفت سے دور ہیں، ان کو کسی پیسے کی ضرورت نہیں ہے ان کو انصاف چاہیئے، سر گودھا میں طلبا تنظیموں کے زیر اہتمام سینکڑوں افراد نے ٹائر جلا کر یونیورسٹی روڈ بلاک کر کے احتجاجی مظاہرہ کیا،حکومت اور امریکہ کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔
 پشاور اور راولپنڈی میں بھی ریمنڈ کی رہائی کے خلاف لوگ سڑکوں پر نکل آئے اور حکومت کے خلاف نعرے بازی کی، ملک کے کئی شہروں میں پولیس کے ساتھ جھڑپیں بھی ہوئی ہیں، جماعت اسلامی نے ریمنڈ ڈیوس کی رہائی کیخلاف آج جمعرات کو احتجاج کا اعلان کیا ہے، امیر جماعت اسلامی سید منور حسن نے کہا کہ دہشت گرد اور پاکستانیوں کے قاتل کی رہائی سے سر شرم سے جھک گئے، امریکی صدر جھوٹ بول کر قاتل کو لے گیا ہمارے صدر نے عافیہ کی رہائی کیلئے کبھی بات تک نہیں کی فیصلے سے قوم افسردہ ہیں انتہا پسندی بڑھے گی، وفاق اور پنجاب حکومت برابر کی شریک ہیں، لواحقین بھی افسردہ ہیں جماعت اسلامی آج پورے ملک میں احتجاج کرے گی۔ ریمنڈ ڈیوس کی رہائی پر دینی اور سیاسی جماعتیں سراپا احتجاج ہیں، مذہبی اور سیاسی جماعتیں آج اور کل یوم سیاہ منا رہی ہیں جبکہ وکلاء عدالتی کارروائیوں کا بائیکاٹ کر رہے ہیں۔ 
مظاہرین نے پاکستانی و امریکی حکومت اور خفیہ ایجنسیوں کے خلاف نعرے لگائے، لاہور اور حیدر آباد میں پولیس مظاہرین پر ٹوٹ پڑے، تشدد سے متعدد زخمی،درجنوں گرفتار، مشتعل مظاہرین نے امریکی قونصل خانہ پر پتھراو کیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور پریس کلب کے باہر امریکی اہلکار کی رہائی کے خلاف احتجاج کرنے والے شہریوں کو منتشر کرنے کیلئے پولیس نے لاٹھی چارج کیا۔ پولیس کے لاٹھی چارج سے کئی مظاہرین زخمی ہو گئے جبکہ مشتعل مظاہرین نے پتھراو کر کے متعدد پولیس اہلکاروں کو بھی زخمی کر دیا۔ احتجاجی مظاہرین نے امریکی قونصلیٹ میں داخل ہونے کی کوشش کی جس پر پولیس نے خواتین سمیت کئی مظاہرین کو گرفتار کر لیا۔ادھر حیدر آباد میں پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کرنے والے اسلامی جمعیت طلبہ کے کارکنان پر پولیس نے لاٹھی چارج کیا جس کے نتیجے میں کئی کارکن زخمی ہو گئے۔ اسلام آباد میں اسلامی جمعیت طلبہ، شباب ملی، اسلامی یونیورسٹی، علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی و دیگر یونیورسٹیوں کے ہزاروں طلبا نے اسلام آباد میں پشاور موڑ پر احتجاجی مظاہرہ کر کے کشمیر ہائی وے بلاک کر دی جس سے راولپنڈی اور اسلام آباد کے درمیان اور موٹر وے کی طرف جانے والی تمام ٹریفک بلاک ہو گئی اور سڑکوں پر ہزاروں گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔
 ادھر ریمنڈ ڈیوس کی رہائی کیلئے کراچی پریس کلب پر جماعت اسلامی کے کارکنان اور شہریوں نے مظاہرہ کیا۔ مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ ریمنڈ ڈیوس کو رہا کر کے حکمرانوں نے پوری قوم کی غیرت کا سودا کیا ہے، ریمنڈ ڈیوس کو رہا کر کے امریکی غلامی کی بد ترین مثال قائم کی گئی ہے، رہائی میں پنجاب اور وفاق کی حکومت دونوں شامل ہیں، انہوں نے اعلان کیا کہ جماعت اسلامی آج ملک گیر یوم احتجاج منائے گی۔ مظاہرے سے جماعت اسلامی کراچی کے سیکرٹری نسیم صدیقی اور نائب امیر نصراللہ خان شجیع نے بھی خطاب کیا۔ مظاہرین اور عوام کا زبردست غم و غصہ دیکھنے میں آیا، وہ مسلسل مردہ باد مردہ باد امریکا مردہ باد، قاتلوں کا ایک علاج الجہاد الجہاد، اللہ کا قانون ہے خون کا بدلہ خون ہے، قاتلوں کو چھوڑنے والے بے غیرت بے غیرت اور دیگر نعرے لگا رہے تھے۔ سندھ کے مختلف شہروں حیدر آباد، ٹنڈو آدم، شہداد پور، سکرنڈ اور سیری میں بھی مظاہرے کیے گئے۔ راولپنڈی میں جماعت اسلامی کی سیکڑوں خواتین نے مریڑ چوک تک احتجاجی ریلی نکالی جس کی قیادت مرکزی اسسٹنٹ سیکرٹری سکینہ شاہد، ناظمہ پنجاب حمیرہ طارق، نائب ناظمہ کلثوم رانجھا، نزہت بھٹی اور ضلعی ناظمہ کوثر پروین نے کی۔ خواتین نے اپنے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر ریمنڈ ڈیوس کی رہائی کیخلاف نعرے درج تھے اور اسے پھانسی دینے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔علاوہ ازیں لیاقت باغ چوک، اصغر مال چوک، صادق آباد چوک اور سکستھ روڈ پر بھی ہزاروں شہریوں نے احتجاجی مظاہرے کیے اور ڈیوس کی رہائی کیخلاف احتجاجا ٹائر نذر آتش کیے۔ مظاہروں میں ہزاروں شہریوں نے شرکت کی۔ 
علاوہ ازیں سر حد کے مختلف علاقوں میں احتجاجی مظاہرے کیے۔ صوابی کے گوہاٹی چوک میں احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے نائب امیر جماعت اسلامی اور سابق سینئر صوبائی وزیر سراج الحق نے کہا ہے کہ ریمنڈ ڈیوس کی رہائی حکمرانوں اور امریکا کی ملی بھگت کا نتیجہ ہے۔ زرداری اور گیلانی نے ریمنڈ ڈیوس کو رہا کر کے اٹھارہ کروڑ عوام کی غیر ت کا جناز ہ نکال دیا ہے، قومی مجر م کی رہائی سے ملک میں انارکی پھیلے گی۔ انہوں نے کہا ملک کے اندر سی آئی اے کے ہزاروں ایجنٹ ریمنڈ ڈیوس کی شکل میں شہریوں کی جانوں سے کھیل رہے ہیں۔ ملکی سلامتی کے ادارے، انٹیلی جنس ایجنسیاں اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ان کو پکڑنے کے بجائے اپنے شہریوں کو دہشت گرد ثابت کرنے میں لگے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ریاست امریکا کا کھیل کھیل رہی ہے۔ ادھر کوئٹہ میں جماعت اسلامی اور اسلامی جمعیت طلبہ کے زیر اہتمام امریکی شہری ریمنڈ ڈیوس کی رہائی کے خلاف کوئٹہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے سے جماعت اسلامی کوئٹہ کے امیر عبدالکبیر شاکر اور اسلامی جمعیت طلبہ بلوچستان کے ناظم نورالدین نورانی نے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ ریمنڈ ڈیوس کی رہائی قوم کی رسوائی اور مسلمانوں کے جذبات سے کھیلنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس فیصلے کے بعد پیپلزپارٹی اور نواز لیگ کی لیڈرشپ کا امریکا نواز ہونے کا ثبوت عوام کے سامنے آ چکا ہے۔
خبر کا کوڈ : 59996
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش