0
Wednesday 1 Feb 2017 16:46
آج کی دنیا افکار کے رابطے کی دنیا ہے، اقوام کے درمیان دیوار کھڑی کرنے اور فاصلے پیدا کرنیکا دور ختم ہوچکا ہے

نئے امریکی صدر تمام بین الاقوامی اصول و ضوابط اور عالمی معاہدوں کی خلاف ورزی کر رہے ہیں، ڈاکٹر حسن روحانی

دنیا میں علم و دانش نے اتنی پیشرفت کرلی ہے کہ اب اقوام کے افکار کو ایک دوسرے سے الگ کرنا ممکن نہیں ہے
نئے امریکی صدر تمام بین الاقوامی اصول و ضوابط اور عالمی معاہدوں کی خلاف ورزی کر رہے ہیں، ڈاکٹر حسن روحانی
اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمہوری ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا ہے کہ امریکیوں نے تمام عالمی اصولوں اور بین الاقوامی معاہدوں کو پامال کر دیا ہے۔ بدھ کے روز ایران میں خلائی ٹیکنالوجی کا قومی دن منایا گیا۔ تہران میں اس مناسبت سے ہونے والی ایک تقریب میں ایرانی صدر نے اہم خلائی مصنوعات کی رونمائی کی۔ ڈاکٹر حسن روحانی نے اس تقریب سے خطاب میں امریکہ کے نئے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پالیسیوں اور اقدامات پر سخت تنقید کی۔ ایران کے صدر نے کہا کہ ایرانی عوام اور دیگر مسلم اقوام کے ویزوں کی منسوخی اس بات کا ثبوت ہے کہ ایرانی عوام کی حمایت کا امریکی دعویٰ جھوٹا ہے۔ ڈاکٹر حسن روحانی نے خلائی ٹیکنالوجی کے قومی دن کی تقریب سے خطاب میں کہا کہ آج دنیا میں علم و دانش نے اتنی پیشرفت کرلی ہے کہ اب اقوام کے افکار کو ایک دوسرے سے الگ کرنا ممکن نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی حکومت یہ سمجھتی ہے کہ چند ملکوں کے عوام کے ویزے پر پابندی لگا کر انسانوں اور اقوام کے درمیان خلیج و دوری پیدا کرسکتی ہے تو وہ غلطی پر ہے۔ ڈاکثر حسن روحانی نے کہا کہ امریکی حکام دنیا میں امتیازی طرز عمل ختم کرنے کا نعرہ لگاتے ہیں، لیکن خود انسانوں میں امتیاز و تفریق کی بنیاد پر ان کے حقوق پامال کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نئے امریکی صدر تمام بین الاقوامی اصول و ضوابط اور عالمی معاہدوں کی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔ ایرانی صدر کا مزید کہنا تھا کہ آج کی دنیا افکار کے رابطے کی دنیا ہے، اقوام کے درمیان دیوار کھڑی کرنے اور فاصلے پیدا کرنے کا دور ختم ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے درمیان ہونے والے جامع ایٹمی معاہدے کا پیغام یہ تھا کہ مذاکرات اور گفتگو علاقائی اور عالمی تنازعات کو حل کرنے کا بہترین راستہ ہے۔

ڈاکٹر حسن روحانی نے اسی طرح عشرہ فجر کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی عوام نے انقلابی جدوجہد کے دوران اپنی انقلابی توانائیوں کو، آٹھ سالہ مقدس دفاع کے دوران اپنی دفاعی طاقت کو اور پابندیوں کے دور میں اپنی استقامت کو دنیا والوں پر ثابت کر دکھایا ہے۔ ایرانی صدر نے اس تقریب میں ایران کے ناہید ایک، پیام امیر کبیر نامی مصنوعی سیاروں اور سامان ایک نامی، اسپیس آربیٹل سسٹم کی رونمائی کی۔ ناہید ایک ایران کا پہلا مواصلاتی سیٹ لائٹ ہے، جو ایران کے خلائی ریسرچ سینٹر میں ڈیزائن اور تیار کیا گیا ہے۔ پیام امیر کبیر سیٹ لائٹ ایران کی امیر کبیر ٹیکنیکل یونیورسٹی میں تیار کیا گیا ہے۔ یہ سرویلینس ایمیجنگ سیٹ لائٹ ہے، جو اعلٰی کوالٹی کی تصویریں لینے، انہیں ارسال کرنے اور خلائی تابکاری کی شعاؤں کی پیمائش کے لئے تیار کیا گیا ہے۔ سامان ایک اسپیس آربیٹل مین ایور سسٹم، سیٹلائٹ آربٹ تبدیل کرنے کے لئے استعمال کیا جائے گا۔ قابل ذکر ہے کہ ایرانی کیلینڈر میں چودہ بہمن مطابق دو فروری ایران میں خلائی ٹیکنالوجی کا قومی دن ہے۔ ہر سال اس دن اہم خلائی مصنوعات کی رونمائی کی جاتی ہے۔ دو ہزار آٹھ میں آج ہی کے دن ایران، امید نامی سیٹ لائٹ کامیابی کے ساتھ خلا میں بھیج کر، خلا میں سیٹ لائٹ بھیجنے کی صلاحیت رکھنے والے ملکوں کے کلب میں شامل ہوا تھا۔
خبر کا کوڈ : 605808
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش