0
Sunday 5 Feb 2017 15:31

ملتان، یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر جماعت اسلامی کی ریلی، بھارت مخالف شدید نعرے بازی

ملتان، یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر جماعت اسلامی کی ریلی، بھارت مخالف شدید نعرے بازی
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کی اپیل پر آج ملک بھر میں مظلوم کشمیریوں اور تحریک آزادی کشمیر کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے یوم یکجہتی کشمیر منایا گیا، جنوبی پنجاب کے چھوٹے بڑے شہروں، قصبات میں بھی جوش وجذبے کے ساتھ بھرپور انداز میں منایا گیا۔ ملتان میں اس سلسلے میں جماعت اسلامی کے زیراہتمام چوک حسین آگاہی سے یکجہتی کشمیر ریلی نکالی گئی، جس کی قیادت جماعت اسلامی پنجاب کے نائب امیر شیخ عثمان فاروق، امیر ملتان سٹی میاں آصف محمود اخوانی، ضلعی سیکرٹری جنرل صہیب عمار صدیقی، اُمراء حلقہ رانا طارق نعیم، مولانا محمودبشیر، چودھری ظفر اقبال، حافظ عبدالرحمن، خواجہ عاصم، ڈاکٹر حفیظ انور، تاجر رہنما خواجہ محمد فاروق، خواجہ عبیدالرحمن، خواجہ شعیب صدیقی، جے یو آئی یوتھ کے صدر حسان اخوانی، پاسبان رکشہ یونین کے ڈویژنل صدر صوفی محمد صدیق، این ایل ایف ضلع ملتان کے صدر شاہ ولی راجپوت اور مجاہد پاشا نے کی۔

ریلی کے اختتام پر جماعت اسلامی پنجاب کے نائب امیر شیخ عثمان فاروق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم 5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر منا کر اپنے مظلوم بھائیوں اور آزادی کشمیر کے مجاہدین کو یہ پیغام دیتے ہیں نوجوان، بوڑھے، خواتین اور بچوں سمیت پورا پاکستان اُن کی پشت پر ہے۔ جماعت اسلامی پہلے دن سے ہی کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی پشتی بانی کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں نے کبھی بھی انڈیا کی غلامی کو تسلیم نہیں کیا۔ 1947ء سے آزادی کیلئے قربانیاں دے رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی7 لاکھ افواج کے ظلم وستم بھی جذبہ حریت کو کچل نہیں سکا۔ 5 لاکھ سے زائد کشمیری جام شہادت نوش کر چکے ہیں، ایک لاکھ خواتین کی عصمت دری ہوئی، لاکھوں نوجوانوں کو زخمی اور عقوبت خانوں کی عزیت سے گزرنا پڑا ہے، لاکھوں گھروں، دکانوں کو آگ لگائی گئی۔ کھیتوں اور کھلیانوں کو جلایا گیا۔ مقبوضہ کشمیر کا اب کوئی گھر ایسا نہیں جس میں شہید نہ ہو مگر اس کے باوجود کشمیری پاکستان کا جھنڈا لہراتے ہوئے میدان میں نکلتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکمران امریکہ بھارت کے دبائو میں آنے کی بجائے کھل کر تحریک آزادی کشمیر کی حمایت کریں۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کو رکوانے اور حق خود ارادیت دلوانے کیلئے عالمی سطح پر آواز اٹھائی جائے۔ پاکستانی سفارتخانوں کو اس سلسلہ میں متحرک کیا جائے، مظاہرے کے اختتام پر جمعیت طلبہ عربیہ کے نوجوانوں نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کا پتلا نذر آتش کیا گیا۔
خبر کا کوڈ : 606721
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش