0
Wednesday 8 Feb 2017 13:33

دہشتگردی کیخلاف جنگ اس خطے کے انتہائی اہم مسائل میں سے ہے، ڈاکٹر علی لاریجانی

دہشتگردی کیخلاف جنگ اس خطے کے انتہائی اہم مسائل میں سے ہے، ڈاکٹر علی لاریجانی
اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمہوری ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے آج صبح تہران میں عراق کے معروف سیاسی رہنما عادل عبدالمہدی سے ملاقات کی۔ ایرانی خبر رساں ادارے فارس نیوز کے مطابق اس ملاقات میں دہشتگردی بالخصوص دہشتگرد گروہ داعش کیخلاف جنگ، علاقائی مسائل میں خطے کے ممالک کے کردار، عراقی سکیورٹی فورسز کی دہشتگرد گروہ داعش کے خلاف جنگ کی تازہ صورتحال سمیت علاقے کے دیگر اہم مسائل کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈاکٹر علی لاریجانی نے ایران و عراق کے درمیان دیرینہ اور وسیع روابط کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ خوش قسمتی سے اس وقت دونوں ممالک کے تعلقات کی صورتحال بہت بہتر ہے اور امید کہ آئندہ ان روابط میں مزید وسعت اور گہرائی پیدا ہوگی۔ ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ کا مسئلہ اس علاقے اور خاص طور پر عراق کے لئے بہت اہم شمار ہوتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ کا مسئلہ بہت گہرا اور پیچیدہ ہے، دہشتگردوں اور بالخصوص دہشتگرد گروہ داعش کی شکست کے لئے قطعاً علاقائی سطح پر بھرپور کوششوں اور تعاون و ہم آہنگی کی ضرورت ہے۔

ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے خطے کے بعض عرب ممالک کے علاقائی مسائل کے حوالے سے کردار کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ یہ ممالک علاقائی ہم آہنگی ایجاد کرنے کی بجائے فرضی دشمن بنانے میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں عراق میں امن و امان اور دہشتگردی جیسے مسائل کا حل بہت اہمیت کا حامل ہے، کیونکہ یہ ملک اس خطے کا ایک اہم ستون شمار ہوتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عراق کے بحران کے حل سے یقیناً اس علاقے میں ایک تعادل ایجاد ہوگا۔ عراق میں دہشتگرد گروہ داعش کے خلاف جنگ کی صورتحال کے بارے میں معروف عراقی سیاسی رہنما عادل عبدالمہدی کا کہنا تھا کہ عراقی سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں نے اس دہشتگرد گروہ کو بہت زیادہ نقصان پہنچایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ اس دہشتگرد گروہ کے خلاف طولانی جنگ یا ان دہشتگردوں کی مکمل نابودی اس صورتحال سے بہت بہتر ہے کہ یہ دہشتگرد دوسرے علاقوں میں فرار ہو جائیں اور پھر منظم ہوکر دوبارہ ان علاقوں پر حملہ آور ہو جائیں۔ عادل عبدالمہدی نے کہا کہ دہشتگرد گروہ داعش کے خلاف جنگ میں کامیابی کے لئے عراق کو بھرپور علاقائی اور بین الاقوامی تعاون و ہم آہنگی کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ قطعی طور پر عراق کے داخلی مسائل کا حل علاقائی مسائل کے حل سے مربوط ہے، کیونکہ عراق کے داخلی مسائل کا حل علاقائی مسائل کے حل کے بغیر بہت مشکل ہے۔
خبر کا کوڈ : 607650
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش