0
Thursday 23 Feb 2017 01:14

غیر قانونی مدارس کیخلاف کارروائی وفاق کا نہیں بلکہ سندھ حکومت کا کام ہے، عابد شیر علی

غیر قانونی مدارس کیخلاف کارروائی وفاق کا نہیں بلکہ سندھ حکومت کا کام ہے، عابد شیر علی
اسلام ٹائمز۔ وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ ملک کو ترقی کی راہ سے نکالنے اور دھرنا سیاست کرنے والوں کا احتساب قوم کرے گی، عمران خان جہانگیر ترین کے منشی بنے ہوئے ہیں اور ان کے جہاز میں گھومتے ہیں، پاناما کیس میں وزیراعظم اور ان کی فیملی سرخرو ہوگی، لاڑکانہ میں ترقیاتی کاموں کے نام پر 90 ارب روپے کی خورد برد کی گئی، اگر یہ رقم کراچی میں استعمال کی جاتی تو شہر پیرس بن جاتا، وزیراعلیٰ پنجاب اور ان کی ٹیم سے کہوں گا کہ وہ کراچی کی صفائی کا ذمہ بھی اپنے سر لے لیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں پورٹ قاسم پر بن قاسم کول الیکٹرک پاور پلانٹ کے دورے کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ عابد شیر علی نے کہا کہ کوئلہ سے چلنے والے 1320 میگاواٹ کے اس پلانٹ کا 80 فیصد کام مکمل ہوچکا ہے، منصوبے پر انتہائی تیزی کے ساتھ کام جاری ہے، ایسا لگتا ہے کہ یہاں جنات نے کام کیا ہے، مسلم لیگ ن کی حکومت نے ملک کو اندھیروں سے نکالنے کا عزم کر رکھا ہے، مارچ 2018ء تک پورے ملک سے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کردیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ پاکستان کی آنکھیں ہیں جس کے بغیر روشنی نہیں مل سکتی، تاہم صوبے میں کرپشن اپنے عروج پر ہے، لاڑکانہ میں ترقیاتی کاموں کے نام پر 90 ارب روپے کی رقم خورد برد کی گئی، اگر یہ رقم کراچی میں استعمال کی جاتی تو یہ شہر آج پیرس بن چکا ہوتا، کراچی کی حالت زار دیکھ کر مجھے افسوس ہورہا ہے، شہر کی سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں اور گندگی کا ڈھیر لگا ہوا ہے، میں وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف اور ان کی ٹیم سے درخواست کروں گا کہ وہ کراچی کی صفائی کے لئے بھی اپنا کردار ادا کریں۔

عابد شیر علی نے کہا کہ سندھ کے سابق وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن مفرور ہیں، انہوں نے قوم کا پیسہ لوٹ کر خود ساختہ جلاوطنی اختیار کر رکھی ہے، بلاول بھٹو زرداری سے کہوں گا کہ شرجیل میمن کو پکڑ کر واپس وطن لائیں، حکومت سندھ کو بھی چاہیئے کہ وہ مفرور شرجیل میمن کو گرفتار کرے، جس کے گھر سے اربوں روپے برآمد ہوئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو ترقی کی راہ سے نکالنے اور دھرنا سیاست کرنے والوں کا احتساب قوم کرے گی، ہم آئندہ بھی اپنی کارکردگی کی بنیاد پر کامیاب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ غیر قانونی مدارس کے خلاف کارروائی وفاق کا نہیں بلکہ سندھ حکومت کا کام ہے، وفاق صوبے کو سہولیات فراہم کرتا ہے، پولیس کو جب تک غیر سیاسی نہیں بنایا جاتا اس وقت مثبت نتائج برآمد نہیں ہوسکتے۔ عابد شیر علی نے کہا کہ پانامہ کیس میں نواز شریف اور ان کی فیملی سرخرو ہوگی، چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان جہانگیر ترین کے منشی بنے ہوئے ہیں اور غریبوں کا خون چوسنے والے کے جہاز پر گھومتے ہیں، جہانگیر ترین ڈاکو ہے جو غریبوں کا استحصال کرتا ہے، یہی جہانگیر ترین عمران خان کے گھر اور دیگر لوازمات کے خرچے برداشت کرتا ہے۔
خبر کا کوڈ : 612101
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش