0
Tuesday 29 Mar 2011 06:51

وزیر اعظم گیلانی کا قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہد خان آفریدی کو فون، اب تک کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار، جم کر کھیلنے کی تاکید

وزیر اعظم گیلانی کا قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہد خان آفریدی کو فون، اب تک کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار، جم کر کھیلنے کی تاکید
اسلام آباد:اسلام ٹائمز۔وزیراعظم ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق، وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے شاہد آفریدی کو ٹیلی فون کیا اور قومی کرکٹ ٹیم کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ پاکستان اور بھارت کے مابین تیس مارچ کو موہالی میں کھیلے جانے والے ورلڈ کپ کے سیمی فائنل کے لئے پوری قوم کے ساتھ ساتھ وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی بھی متحرک ہو گئے ہیں انہوں نے پاکستانی ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی کو ٹیلی فون پر ٹیم کی جانب سے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر مبارکباد دی ہے۔  کامیابی کیلئے میری اور قوم کی دعائیں آپکے ساتھ ہیں وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پوری قوم کرکٹ ٹیم کی کامیابی کیئے دعاگو ہیں،میچ کے نتیجے سے بالاتر رہ کر بہترین سپورٹس مین شپ کا مظاہرہ کریں اور مقابلے میں جم کر کھیلیں۔ وزیراعظم نے قومی کرکٹ ٹیم کی اب تک کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ٹیم نے گروپ میں پہلی پوزیشن کیلئے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ قوم کو امید ہے کہ بھارت کیخلاف بھی ٹیم ایسی شاندار کارکردگی کو دہرائے گی۔ 
وزیراعظم نے کہا کہ انہوں نے بھارتی وزیراعظم کی طرف سے موہالی میں میچ دیکھنے کی دعوت قبول کر لی ہے۔ یہ میرے دل میں تھا کہ کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کے حوصلہ افزائی کے لئے کرکٹ سٹیڈیم میں موجود رہوں۔ وزیراعظم نے ٹیم کو اس کی کارکردگی پر شاباش دی۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہد خان آفریدی نے کہا کہ ٹیم کا ہر کھلاڑی میچ جیتنے کے لئے اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرے گا۔ قوم کو مایوس نہیں کرینگے اور بہترین رزلٹ دینگے۔ وزیراعظم سے بات چیت کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے ٹیم کی حوصلہ افزائی پر شکریہ ادا کیا اور وزیر داخلہ رحمان ملک کے قومی ٹیم کے بارے میں دئیے گئے بیان پر اپنی اور ٹیم کی طرف سے سخت ردعمل کا اظہار کیا۔ ذرائع کے مطابق شاہد آفریدی نے کہا کہ وزیر داخلہ کی طرف سے قومی ٹیم کے کھلاڑیوں پر شک و شبہ کا اظہار میری اور پوری ٹیم کی سمجھ سے بالاتر ہے کہ آخر کس وجہ سے انہوں نے ایسا بیان دیا۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے شاہد آفریدی سے کہا کہ وہ اور ٹیم کے کھلاڑی رحمان ملک کے بیان کا بالکل کوئی اثر نہ لیں ٹیم کے کپتان نے پوری ٹیم کی طرف سے رحمان ملک کیخلاف وزیراعظم سے کارروائی کا مطالبہ کیا۔
 ادھر پنجاب کے وزیر اعلیٰ نےکہا ہے کہ سیمی فائنل جیتنے پر ہر کھلاڑی کو ایک مربع زمین دینگے، حکومت کے ترجمان کے مطابق وزیر اعلیٰ نے پاکستانی کھلاڑیوں سے کہا ہے کہ وہ تمام تر توجہ کھیل پر مرکوز کریں تاکہ وہ بھارت کو اس کی سرزمین پر ہرا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی کھلاڑی کسی قسم کا دباوٴ قبول نہ کریں، پوری قوم ان کے ساتھ ہے اور ان کی کامیابی کے لئے دعا گو ہے۔
دریں اثنا پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف نے لندن سے اپنے بستر علالت سے بھارت میں سیمی فائنل کھیلنے گئی ہوئی قومی ٹیم کے مینجر انتخاب عالم اور کپتان شاہد خان آفریدی کو فون کیا۔ نواز شریف کے پولیٹیکل سیکرٹری ڈاکٹر آصف کرمانی نے بتایا کہ نواز شریف نے قومی ٹیم کی ورلڈ کپ میں حالیہ کامیابیوں پر مبارکباد دی۔ نواز شریف نے شاہد آفریدی کو کہا کہ وہ سیمی فائنل میں پاکستان کی کامیابی کے لئے پرامید اور دعا گو ہیں۔ میری اور پوری قوم کی دعائیں آپ کے ساتھ ہیں۔ 

خبر کا کوڈ : 61998
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش