0
Monday 4 Apr 2011 13:55

دھشتگردی کا ہرصورت میں قلع قمع کریں گے، حیدر خان ہوتی

دھشتگردی کا ہرصورت میں قلع قمع کریں گے، حیدر خان ہوتی
پشاور:اسلام ٹائمز۔ خیبر پختونخوا کے وزیراعلٰی نے کہا کہ ان کی حکومت خیبر پختونخوا کی یکساں ترقی کے لئے کوشاں ہے اور اس ضمن میں عملی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ ہر علاقے کے مسائل کے حل کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں گے، یہ باتیں وزیراعلٰی نے قومی اسمبلی کے رکن پیر حیدر علی شاہ کی زیر قیادت عوامی نیشنل پارٹی ھنگو کے ایک نمائندہ وفد سے اپنے دفتر میں ملاقات کے دوران کہیں۔ ملاقات میں کوہاٹ کے کمشنر خالد خان بھی موجود تھے۔ 
وفد کے سربراہ نے وزیراعلٰی کو علاقے میں ترقیاتی سکیموں پر ہونے والی پیش رفت اور قدرتی گیس، تعلیمی اداروں سمیت عوام کو درپیش مشکلات و مسائل سے آگاہ کیا۔ امیر حیدر خان ہوتی نے کہا کہ ان کی حکومت خیبر پختونخوا کی یکساں ترقی کے لئے کوشاں ہے اور اس ضمن میں عملی اقدامات کئے جارہے ہیں۔ امیر حیدر خان ہوتی نے وفد کی معروضات کو ہمدردی سے سنا اور انہیں یقین دلایا کہ ان کے مسائل کے حل کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ 
انہوں نے کہا کہ بد قسمتی سے صوبے کے دور افتادہ اور حساس علاقوں میں سکولوں کے علاوہ ہسپتالوں اور دیگر محکموں میں بھی سٹاف کی کمی کی مشکلات موجود ہیں۔ انہوں نے محکمہ تعلیم اور کمشنر کوہاٹ کو ہدایت کی کہ ھنگو کے سکولوں میں سٹاف کی کمی کو پورا کیا جائے۔ انہوں نے وفد کے دیگر مطالبات اور مسائل کے بارے میں بھی کمشنر کوہاٹ کو ہدایات جاری کیں۔ 
وزیر اعلٰی نے کہا کہ ھنگو سمیت صوبے کے تمام علاقوں سے دھشتگردی کا قلع قمع کرینگے کہ اس ناسور کی وجہ سے ترقیاتی عمل سست روی کا شکار ہے۔ وفد کے شرکاء نے خیبر پختونخوا کی تعمیر و ترقی، عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے علاوہ قیام امن کے لئے حکومت کے اقدامات کو سراہا اور اپنے بھر پور تعاون کا یقین دلایا۔
دریں اثناء ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے صوبائی وزیر لیاقت شباب نے امیر حیدر خان ہوتی سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور انہیں اپنے محکمے کی کاروائی پر مشتمل رپورٹ پیش کی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر اطلاعات میاں افتخار حسین بھی موجود تھے۔ لیاقت شباب نے وزیر اعلٰی کو بتایا کہ خیبر پختونخوا میں پہلی بار محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کی کارکردگی اور قوانین کو ایک کتابی شکل میں مرتب کیا گیا ہے۔ امیر حیدر خان ہوتی نے محکمے کی اس کاوش کو سراہا اور کہا کہ اس سے لوگوں کو نہ صرف ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے قوانین سے آگاہی حاصل ہو گی بلکہ ان پر عمل درآمد کا شعور بھی اجاگر ہو گا۔
خبر کا کوڈ : 63049
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش