0
Thursday 25 May 2017 12:53

بھارتی ذرائع ابلاغ پر کشمیریوں کی عزت نفس کو پامال کیا جارہا ہے، انجینئر رشید

بھارتی ذرائع ابلاغ پر کشمیریوں کی عزت نفس کو پامال کیا جارہا ہے، انجینئر رشید
اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر عوامی اتحاد پارٹی کے سربراہ انجینئر رشید نے بھارتی ذرائع ابلاغ پر کشمیریوں کی عزت نفس کو پامال کرنے کا الزام لگایا۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر پولس سے میجر گگوئی کے خلاف درج ایف آئی آر کے حوالے سے اپنے وعدے پر کاربند رہنے کے لئے کہا ہے۔ سرینگر سے جاری اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ فوج نے نئی دہلی میں میڈیا کو خوش کرنے اور اسے کچھ سرخیاں بٹورنے کا موقعہ دینے کے لئے ایک غیر قانونی و غیر اخلاقی کام کو جس طرح ہیروازم کے بطور پیش کیا ہے اس پر فقط افسوس کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ کشمیر پولس کے آئی جی نے اس معاملے پر واضح موقف اختیار کیا ہے اس سے متعصب و متشدد میڈیا کی دلیلیں بے وزن ہو کر رہ گئی ہیں۔ انجینئر رشید نے کہا ہے حالانکہ جموں کشمیر پولس اکثر غلط وجوہات کے لئے خبروں میں رہتی آرہی ہے تاہم میجر گگوئی کے حوالے سے اس نے قابل تعریف موقف اپنایا ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ ریاستی پولس کو ’’جی حضوری‘‘ کی بجائے استقامت کا مظاہرہ کرنا ہوگا تاکہ مظلوم کے ساتھ انصاف ممکن ہوسکے۔ انہوں نے کہا ہے کہ انڈین آرمی میں پیشہ واریت ختم ہوتی جارہی ہے اور اس کے ذہنی دیوالیہ پن کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ کمزور دلائل کے ہوتے ہوئے معاملات کو سنسنی خیز بنانے کے لئے نچلی سطح کے افسروں سے پریس کانفرنسز کروائی جاتی ہیں، جہاں وہ فرضی کہانیاں سناکر خود اپنے ہی لوگوں کو دھوکہ دیتے ہیں۔ میجر گگوئی کے خلاف ایف آئی آر بند نہ کرنے کی جائز بات کرنے کے لئے پولس کی تنقید کرنے والے ذرائع ابلاغ کی کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے انجینئر رشید نے یاد دلاتے ہوئے حیرانگی کے ساتھ کہا کہ جو میڈیا آئے دن کسی جوازیت کے بغیر جموں کشمیر پولس کی عوام مخالف کارروائیوں تک کی تعریفیں کرتے نہیں تھکتا ہے، وہی آج محض اس لئے اسکی مخالفت میں مورچہ کھولے بیٹھا ہے کہ اس نے ایک مجرمانہ ذہنیت کے فوجی افسر کا دفاع کرنے میں جلدی نہیں کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر بھارتی ذرائع ابلاغ جموں و کشمیر پولس کے خود اپنے لوگوں کے خلاف بربریت کرنے کی مذموم کارروائیوں کی تعریفیں کرنے میں، ایک خاص مقصد سے، دیر نہیں کرتا ہے تو پھر اسے اخلاقی جرأت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک بد دماغ فوجی افسر کے خلاف کارروائی کرنے کا عزم کرنے پر بھی اسے سراہنا چاہیئے تھا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی ذرائع ابلاغ کی پالیسی اور کام سے متعلق تجربے کو دیکھتے ہوئے ممکن ہے کہ اگلے دنوں میں جموں کشمیر پولس کے خلاف بھی سازشیں کی جائیں گی کیونکہ اس نے ایک مجرم کے خلاف درج ایف آئی آر کو قائم رکھنے کا اعلان کرنے کی جرأت کی ہے۔
خبر کا کوڈ : 640133
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش