0
Monday 29 May 2017 04:17

حکمران آئین و قانون کی حکمرانی نہیں بلکہ اپنی بادشاہت قائم رکھنا چاہتے ہیں، میاں مقصود احمد

حکمران آئین و قانون کی حکمرانی نہیں بلکہ اپنی بادشاہت قائم رکھنا چاہتے ہیں، میاں مقصود احمد
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی پنجاب کے امیر میاں مقصود احمد نے لاہور میں کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکمران آئین و قانون کی حکمرانی نہیں، بلکہ اپنی بادشاہت قائم رکھنا چاہتے ہیں۔ لاہور میں خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی پنجاب کے امیر کا کہنا تھا کہ عوام کے اندر پائی جانے والی بے چینی ختم کرکے ملک میں شفاف اور غیرجانبدارانہ احتساب کا نظام قائم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر خطے میں امن کا قیام ممکن نہیں ہوسکتا، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا سلسلہ بند اور کشمیر کا مسئلہ حل کرنا ہوگا، مسئلہ کشمیر خطے کا سب سے بڑا مسئلہ ہے اور بھارت کو سمجھ لینا چاہیے کہ وہ طاقت کی بنیاد پر کشمیریوں کی آواز کو مزید نہیں دبا سکتا۔ انکا کہنا تھا کہ وزیر خزانہ ہوائی قلعے تعمیر کرنے کی شہرت رکھتے ہیں، ان کے اعداد وشمار کو چیک کرنے کی ضرورت ہے، اپنے آپ کو کسان دوست کہنے والے حکمرانوں نے بجٹ کے اعلان سے قبل کسانوں کو پھینٹی لگائی، قرضوں کے بوجھ میں اربوں روپے اضافہ اور بیروزگاری میں اضافہ، سرمایہ کاری، برآمدات، تعلیم و صحت کی سہولتوں میں کمی کونسا اقتصادی استحکام ہے؟

انہوں نے کہا کہ اشرافیہ کی پالیسیوں سے کرپشن، دہشتگردی اور آف شور بزنس کلچر کو فروغ ملا، بجٹ میں منی لانڈرنگ اور سوئس بنکوں میں پڑا پیسہ واپس لانے کا کوئی پلان شامل نہیں، عالمی مالیاتی اداروں کے دباوپر حکومت کسانوں کوریلیف نہیں دیتی، حکومت اعلانیہ اور غیر اعلانیہ قرضے لے کر قوم کے بچے بچے کا بال قرضوں میں جکڑ رہی ہے، کسانوں کو قرضوں میں جکڑنے کی بجائے انکی ہڑپ شدہ گنے، کپاس اور چاول کی رقوم ادا کر دی جاتیں اور اجناس کی غیر یقینی قیمتوں کو مستحکم بنانے کیلیے مارکیٹنگ کے نظام کو بہتر بنا دیا جاتا تو مفلوک الحال کاشتکار خوشحال ہو جاتے، بجٹ ہمیشہ عوام دشمن ہی ہوتا ہے اور اس بار بھی حکومت نے عوام دشمن اور کسان دشمن بجٹ پیش کیا، مزدوروں کی کم سے کم تنخواہ 25 ہزار روپے ہونی چاہیے تھی اور کروڑوں کھیت مزدوروں کیلیے بھی مراعات کا اعلان کرنا چاہیے تھا، وفاقی بجٹ فراڈ بجٹ ہے، بجٹ صرف الفاظ کا ہیر پھیر ہے جس سے عوام کو دھوکہ دیا گیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 641391
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش