0
Monday 26 Jun 2017 14:56

صیہونی حکومت کیخلاف جہاد و جدوجہد کرنا پورے عالم اسلام پر واحب ہے، آیت اللہ العظمٰی سید علی خامنہ ای

صیہونی حکومت کیخلاف جہاد و جدوجہد کرنا پورے عالم اسلام پر واحب ہے، آیت اللہ العظمٰی سید علی خامنہ ای
اسلام ٹائمز۔ رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمٰی سید علی خامنہ ای نے تاکید کے ساتھ کہا ہے کہ اسلامی فقہ کے مطابق اسلامی سرزمینوں پر دشمن کے تسلط کے مقابلے میں تمام مسلمانوں کا فرض ہوتا ہے کہ وہ ہر ممکن طریقے سے جہاد و جدوجہد کریں اور اسی بنا پر اس وقت پورے عالم اسلام پر واجب ہے کہ وہ صیہونی حکومت کا ڈٹ کر مقابلہ کرے۔ رہبر انقلاب اسلامی نے پیر کے روز ایرانی حکام، مختلف طبقوں سے تعلق رکھنے والے عوام اور تہران میں متعین اسلامی ممالک کے سفیروں سے اپنے خطاب میں عید سعید فطر کی مبارک باد دیتے ہوئے صیہونی حکومت کے خلاف جدوجہد سے بعض اسلامی ملکوں کے گریز پر تنقید کی اور فرائض کی انجام دہی میں ایرانی قوم کو ہوشیار و بیدار قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ عالم اسلام کو اتحاد و یکجہتی کی اشد ضرورت ہے اور بیشتر مسلم اقوام میں ہمدلی پائی جاتی ہے اور یہ حکومتیں ہیں، جنھیں چاہئے کہ اپنے فرائض پر عمل کریں۔ رہبر انقلاب اسلامی نے عالمی یوم القدس اور اس دن کی ریلیوں میں فلسطینی قوم کے دفاع سے متعلق ایرانی عوام کی عظیم و بھرپور شرکت کو اسلامی اتحاد کا ایک قابل فخر نمونہ قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلامی اتحاد کے معنی ہی یہ ہیں جو ایران کے روزے دار شیعہ مسلمان اتنی شان و عظمت کے ساتھ سڑکوں پر آتے ہیں اور فلسطینیوں سے، جو کہ سنی مسلمان ہیں، ہمدلی و ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔

رہبر انقلاب اسلامی نے مسئلہ فلسطین کو دبانے اور اسے فراموش کئے جانے کو ایک بڑا خطرہ قرار دیا اور کہا کہ تفرقے سے پرہیز کے ساتھ اتحاد و یکجہتی، مسلمانوں کے مفاد میں ہے اور عالم اسلام کے اولین مسئلے کی حیثیت سے مسئلہ فلسطین میں سب ایک ساتھ مل کر اسے دبائے جانے اور یا اسے فراموش کئے جانے کی روک تھام کریں۔ آیت اللہ العظمٰی سید علی خامنہ ای نے اختلاف و تفرقے کو اہم ترین مسئلہ اور عالم اسلام کے پیکر پر کاری ضرب اور گہرے زخم سے تعبیر کیا اور یمن، شام، عراق اور شمالی افریقہ جیسے دنیائے اسلام کے مختلف علاقوں میں خونریز جھڑپوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے تاکید کے ساتھ کہا کہ اسلامی ملکوں کی ایک دوسرے سے قربت اور اسی طرح ایک دوسرے کے خلاف طاقت کے استعمال سے گریز، حکمت الٰہی کے عین مطابق اور تمام اسلام ممالک کے مفاد میں ہے۔ رہبر انقلاب اسلامی کے خطاب سے قبل ایران کے صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے دہشت گردوں کے مقابلے میں مزاحمت و استقامت کا مظاہرہ کرنے پر ایران کی مسلح افواج اور ایرانی قوم کی قدردانی کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کو دیئے جانے والے جواب نے ایران کی دفاعی طاقت کے صرف ایک معمولی سے نمونے کو آشکار کیا ہے۔ ڈاکٹر حسن روحانی نے اسی طرح عالمی یوم قدس کے جلوس اور مظاہروں میں ایرانی عوام کی وسیع پیمانے پر شرکت کو سراہتے ہوئے کہا کہ عالمی یوم قدس کے موقع پر ایرانی عوام کی ریلیاں اس بات کا ثبوت ہیں کہ آخرکار باطل پر حق کی فتح ہوگی۔
خبر کا کوڈ : 648809
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش