0
Friday 22 Apr 2011 02:36

پاکستان کو علاقائی اور لسانی بنیادوں پر تقسیم کر کے کمزور اور غیروں کا دست نگر بنایا جا رہا ہے، قاضی حسین احمد

پاکستان کو علاقائی اور لسانی بنیادوں پر تقسیم کر کے کمزور اور غیروں کا دست نگر بنایا جا رہا ہے، قاضی حسین احمد
لاہور:اسلام ٹائمز۔سابق امیر جماعت اسلامی پاکستان قاضی حسین احمد نے کہا ہے کہ پاکستان کو علاقائی اور لسانی بنیادوں پر تقسیم کر کے کمزور اور غیروں کا دست نگر بنایا جا رہا ہے۔ حکمران قرضہ لے کر بیرون ملک سرمایہ کاری کرتے ہیں اور وہ قرضہ قوم کو ادا کرنا پڑتا ہے۔ فرقہ بندی، برادری ازم اور مختلف نظام تعلیم کی بنیاد پر قوم کو کئی ٹکڑوں میں تقسیم کر دیا گیا ہے۔ نہ ان کا نظام تعلیم اپنا ہے اور نہ زبان، قوم جب تک غیرت مند اور دیانتدار قیادت کا انتخاب نہیں کرتی محرومیوں اور مایوسیوں کا شکار رہے گی۔ ریمنڈ ڈیوس کو فرار کرانے والوں نے قومی غیرت و حمّیت کا سودا کیا۔ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ دونوں ایک ہیں اور ان سے کسی خیر کی توقع نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نظریہ پاکستان ٹرسٹ کے زیر اہتمام الحمرا ہال میں یوم اقبال کی تقریب اور بعدازاں میڈیا کے نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ قاضی حسین احمد نے کہا کہ قومی یکجہتی اور اتحاد کے لیے یکساں نظام تعلیم اور قومی زبان اردو کو سرکاری زبان کا درجہ دیا جانا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقبال اپنی شاعری کے ذریعے قوم کو متحد اور منظم کرنا چاہتے تھے لیکن ان کے فلسفہ حیات کو فراموش کر کے قومی وقار کو غیروں کے ہاتھ بیچ دیا گیا۔ گزشتہ 64 سال میں برسر اقتدار ٹولے نے ملک کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا ہے۔
قاضی حسین احمد نے کہا کہ پاکستان کو اللہ نے بیش بہا قدرتی وسائل سے نوازا ہے۔ ریکوڈک میں دو ہزار بلین کے سونے چاندی کے ذخائر موجود ہیں جن کو نکالنے سے صرف چار سال کے اندر پاکستان کے ذمّہ تمام قرضے اتر سکتے ہیں اور پاکستان خود کفالت حاصل کر سکتا ہے۔ تھر کے کوئلے کے ذخائر سے بجلی اور گیس پیدا کر کے توانائی حاصل کی جاسکتی ہے لیکن امریکی غلام حکمرانوں نے لوگوں کو محنت مشقت کا عادی بنا کر قناعت کی زندگی گزارنے کا درس دینے کی بجائے دشمنوں کے آگے جھولی پھیلانے کی عادت سے قومی غیرت کو نیلام کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پانی کے وسائل ضائع ہو رہے ہیں جن سے فائدہ اٹھانے کی کوشش نہیں کی جا رہی۔
قاضی حسین احمد نے کہا کہ یہود و ہنود اسلام اور پاکستان دشمنی میں ایک ہیں جو ہماری ایٹمی صلاحیت کو چھین لینا چاہتے ہیں۔ اسلامی بم کے نام سے دنیا کو ڈرایا جا رہا ہے کہ انتہاپسندوں اور دہشتگردوں کے ہاتھ میں ایٹمی اسلحہ آ گیا ہے جس سے پوری دنیا کے امن کو خطرہ ہے جبکہ ہندو، یہودی اور عیسائی بم کا کوئی نام نہیں لیتا۔ امریکہ اسرائیل، روس اور فرانس سمیت مغرب اور یورپ کے پاس ہزاروں کی تعداد میں ایٹمی ہتھیار موجو د ہیں جن کے خلاف بات نہیں کی جاتی، پاکستان کے ایٹمی اسلحہ سے کسی کو ڈرنے کی ضرورت نہیں۔ ہم اگر یہ ہتھیار نہ بناتے تو بھارت ہمیں سکون سے بیٹھنے کا موقع نہ دیتا اور اب تک ہماری آزادی چھین چکا ہوتا۔ قاضی حسین احمد نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ق کا اتحاد ہوتا نظر نہیں آ رہا۔ پیپلز پارٹی اپنی حکومت بچانے کے لیے ہاتھ پاﺅں مار رہی ہے اور جس طرح ڈوبنے والا تنکوں کا سہارا تلاش کرتا ہے، پیپلز پارٹی بھی سہارے تلاش کر رہی ہے۔
خبر کا کوڈ : 66983
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش