0
Saturday 30 Sep 2017 01:22

بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ سے پاک فوج کے نائب صوبیدار سمیت 3 پاکستانی شہید اور 4 زخمی ہو گئے

بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ سے پاک فوج کے نائب صوبیدار سمیت 3 پاکستانی شہید اور 4 زخمی ہو گئے
اسلام ٹائمز۔ ایل او سی پر بھارتی فوج نے ایک بار پھر سیز فائر کی خلاف ورزی کرتے ہوئےبلا اشتعال فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں پاک فوج کے نائب صوبیدار سمیت 3 پاکستانی شہید اور 4 زخمی ہو گئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بھارتی فورسز نے لائن آف کنٹرول پر راولا کوٹ میں رکھ چکری کے علاقے میں سول آبادی کو نشانہ بنایا۔ بھارتی فوج کی جانب سے شہری آبادی پر بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری کی گئی جس کے نتیجے میں خاتون سمیت 2 افراد شہید اور ایک زخمی ہو گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فورسز نے شہریوں کی مدد کو جانے والے پاک فوج کے جوانوں پر بھی فائرنگ کی جس کے نتیجے میں نائب صوبیدار ندیم شہید جب کہ 3 جوان زخمی ہوئے۔ پاک فوج کی جانب سے بھارتی اشتعال انگیزی کا منہ توڑ جواب دیا گیا جس کے جواب میں بھارتی فوجیوں کی ہلاکت اور زخمی ہونے کی اطلاعات ملی ہیں۔ واضح رہے کہ رواں برس بھارتی فورسز کی جانب سے اب تک لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر 600 سے زائد مرتبہ سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزیاں کی جا چکی ہیں جس میں درجنوں پاکستانی شہری شہید اور متعدد زخمی ہو چکے ہیں۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے بھی اپنے حالیہ دورہ امریکا کے دوران بھارت کی جانب سے سرحدی خلاف ورزیوں پر آواز بلند کی تھی اور اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں بھی بھارتی دہشت گردی کا تذکرہ کیا تھا۔
خبر کا کوڈ : 672991
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش