0
Wednesday 4 Oct 2017 23:09

کراچی میں چاقو سے حملوں کے واقعات میں تیزی، ایک ہی گھنٹے کے دوران مزید 3 خواتین زخمی

کراچی میں چاقو سے حملوں کے واقعات میں تیزی، ایک ہی گھنٹے کے دوران مزید 3 خواتین زخمی
اسلام ٹائمز۔ شہر قائد میں خواتین پر تیز دھار آلے کی مدد سے حملے کے واقعات میں اچانک تیزی آ گئی اور پولیس اور رینجرز کی پہنچ سے دور حملہ آور نے گزشتہ چند گھنٹوں کے دوران مزید تین خواتین کو زخمی کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں تیز دھار آلے سے حملے گلستان جوہر کے بعد دیگر علاقوں میں بھی پھیل گئے اور موٹر سائیکل پر سوار حملہ آور نے گزشتہ چند گھنٹوں کے دوران گلشن اقبال سمیت مختلف واقعات میں تین خواتین کو زخمی کر دیا۔ ایس پی گلشن اقبال کے مطابق تینوں خواتین کو تیز دھار آلے سے زخمی کیا گیا اور یہ واقعات نیپا چورنگی، راشد منہاس روڈ اور ڈالمیا کے قریب پیش آئے۔ پہلا حملہ گلشن جمال میں کیا گیا، جس میں سونیا نامی لڑکی زخمی ہوئی، دوسرا حملہ راشد منہاس روڈ پر نورین اور تیسرا حملہ نیپا چورنگی کے قریب عریشہ پر کیا گیا۔ نیپا چورنگی کے قریب زخمی ہونے والی لڑکی عریشہ اردو یونیورسٹی کی طالبہ ہے۔ تینوں حملوں میں زخمی ہونے والی خواتین کو طبی امداد کیلئے مختلف اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ خواتین پر تیز دھار آلے سے پہلا حملہ گزشتہ ماہ 25 ستمبر کو گلستان جوہر کے علاقے میں ہوا تھا اور اس کے بعد سے اب تک خواتین پر حملوں کے 9 واقعات ہو چکے ہیں۔ حکومت کی جانب سے حملہ آور کی گرفتاری میں معاونت کرنے پر 5 لاکھ روپے انعام کا اعلان بھی کر رکھا ہے، لیکن اس کے باوجود حملہ آور تاحال پولیس اور رینرجز کی گرفت میں نہیں آ سکا ہے۔
خبر کا کوڈ : 674263
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش