0
Thursday 28 Apr 2011 19:46

لشکر اسلام کی سپلائی لائن کاٹنے کیلئے شین کمر روڈ کی بندش کا اعلان، زخاخیل قبیلہ اسلحہ اور افرادی قوت فراہم کریگا

لشکر اسلام کی سپلائی لائن کاٹنے کیلئے شین کمر روڈ کی بندش کا اعلان، زخاخیل قبیلہ اسلحہ اور افرادی قوت فراہم کریگا
لنڈی کوتل:اسلام ٹائمز۔ خیبر ایجنسی کی پولیٹیکل انتظامیہ نے قبائلی عمائدین کی مشاورت سے تنظیم لشکر اسلام کے زیر تسلط علاقوں کو خوراک کی ترسیل روکنے کیلئے شین کمر روڈ بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ زخا خیل قبیلہ لشکر اسلام کے خلاف اتحادی افراد و مالی امداد اور اسلحہ اگلے مورچوں پر بھیجے گا۔ لنڈی کوتل آرمی کیمپ میں زخاخیل قبیلے کا جرگہ کمانڈنٹ خیبر رائفلز کرنل اسد فاروق اور اسسٹنٹ پولیٹیکل ایجنٹ محمد اقبال خٹک کیساتھ منعقد ہوا، جس میں فوجی اور سول حکام کے علاوہ زخاخیل قبیلہ کے عمائدین ملک عبدالحلیم، ملک عبدالرزاق، ملک خالد خان، ملک خورشید خان، ملک مشتاق، ملک سابق شاہ اور دیگر زعماء شریک ہوئے۔
جرگہ سے کمانڈنٹ خیبر رائفلز کرنل اسد فاروق اور اے پی اے لنڈی کوتل محمد اقبال خٹک نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قبیلہ زخاخیل نے لشکر اسلام جیسی شرپسند اور دہشت گرد تنظیم سے اپنے علاقے خالی کرا لیے ہیں جس پر ہم زخاخیل قبیلے کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، انہوں نے کہا کہ انتظامیہ اور پاک فوج زخاخیل قبیلہ کی سیکیورٹی فورسز اور پولیٹیکل انتظامہ ہرممکن مدد کرتی رہے گی۔ کمانڈنٹ خیبر رائفلز اور اے پی اے لنڈی کوتل نے کہا کہ اب شرپسندوں اور کالعدم تنظیموں کے لیے زخاخیل میں کوئی جگہ نہیں ہے، حکومت نے سیکیورٹی فورسز اور خاصہ دار فورس کے دستے علاقے میں بھیجے ہیں اور سیکیورٹی چیک پوسٹیں قائم کی گئی ہیں، جبکہ بازار زخاخیل روڈ کو دوبارہ کھول دیا گیا ہے، جو پہلے عسکریت پسند استعمال کرتے تھے۔
 جرگہ کے عمائدین اور ملکان نے کمانڈنٹ اور اے پی اے لنڈی کوتل پر واضح کیا کہ ہم اپنے علاقوں بازار زخاخیل میں کالعدم تنظیموں کو نہیں چھوڑیں گے، ہم نے لشکر اسلام تنظیم کے مراکز ختم کیے ہیں جرگہ میں عمائدین نے فیصلہ کیا کہ ہم زخاخیل قبیلہ اگلے مورچوں کے لیے نفری، مالی امداد اور اسلحہ بھیجے گا اور علاقے کے مخیر حضرات سے نقدی اور اسلحہ بھی جمع کیا جا رہا ہے۔ سیکیورٹی فورسز کے اعلیٰ اہلکار نے میڈیا کو بتایا کہ عنقریب لنڈی کوتل میں زخاخیل قبیلہ کا گرینڈ جرگہ بلایا جائیگا، جس سے کمانڈنٹ خیبر رائفلز اور پولیٹیکل ایجنٹ خیبر ایجنسی خطاب کرینگے اور حکومت کیساتھ مل کر زخاخیل قبیلہ لشکر اسلام تنظیم کیخلاف حکمت عملی بنائے گا۔

خبر کا کوڈ : 68515
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش