0
Saturday 30 Apr 2011 13:57

دہشت گردی کے ہونے والے مسلسل واقعات حکومت کی غیر سنجیدہ پالیسیوں کا نتیجہ ہے، علماء و سیاسی رہنما

دہشت گردی کے ہونے والے مسلسل واقعات حکومت کی غیر سنجیدہ پالیسیوں کا نتیجہ ہے، علماء و سیاسی رہنما
کراچی:اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین، مرکزی جمعیت علمائے پاکستان کے سربراہ رکن قومی اسمبلی صاحبزادہ فضل کریم کی اپیل پر ملک میں دہشت گردی کی نئی لہر اور کراچی میں نیوی کی 3 بسوں پر بم دھماکوں کے خلاف یوم احتجاج منایا گیا اور جمعة المبارک کے اجتماعات میں علمائے کرام، خطباء، سنی اتحاد کونسل، مرکزی جے یو پی وانجمن نوجوانان اسلام پاکستان کے رہنماؤں نے دہشت گردی کے پے در پے واقعات کے خلاف قرارداد مذمت منظور کروائیں۔ جامع ابوبکر گلستان جوہر میں احتجاجی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی جے یو پی کے ایڈیشنل سیکرٹری جنرل و انجمن نوجوانان اسلام پاکستان کے سرپرست اعلیٰ طارق محبوب نے کہا کہ حکومت سیاسی جماعتیں، اتحادی اور نام نہاد و سیاسی بازیگر اقتدار کی کشمکش کا کھیل کھیل کر قومی اور عوامی مسائل سے نظریں چرا رہے ہیں۔ خوف ودہشت، بدامنی، لاقانونیت اور دہشت گردی کے ہونے والے مسلسل واقعات حکومت کی نااہلی، غفلت، لاپروائی اور غیر سنجیدہ پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی کے غیر یقینی حالات سے ملک دشمن فائدہ اٹھا رہے ہیں اور حکومتی انتظامیہ مکمل ناکام ہو چکی ہے جو کہ قومی سلامتی کے لئے خطرہ ہے۔ شہر کراچی کی مرکزی مساجد، مدارس اور خانقاہوں میں علماء، مشائخ، آئمہ و خطباء نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ بے گناہ فوجی اہلکاروں اور معصوم شہریوں کو شہید کرنے اور لوگوں کو زخمی کرنے والے سفاک اور درندہ صفت دہشت گردوں کو بے نقاب کر کے انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے اور کڑی سزا دیکر آئینی قانونی اخلاقی اور انصاف کے تقاضوں کو پورا کیا جائے۔ احتجاجی اجتماع سے علامہ ڈاکٹر کوکب نورانی اوکاڑوی، مولانا ابرار احمد رحمانی، مفتی فیاض الحسن صابری، مفتی عابد قادری، مفتی غلام مرتضیٰ مہروی، صوفی ارشد القادری، مولانا اشرف گورمانی، مولانا لطف علی شاہ، مولانا قاسم جلالی، مولانا غلام یاسین قادری، مولانا عبدالجبار نقشبندی، مولانا خالد عطاری، مولانا غلام رسول چشتی، مولانا امین نقشبندی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔
در این اثناء پاکستان مسلم لیگ (ق) کے جنرل سیکریٹری حلیم عادل شیخ نے پاکستان نیوی پر ایک ہفتے میں پے در پے تین حملوں میں نیوی کے اہلکاروں اور عام شہریوں کی ہلاکت پر سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ان حملوں کے درپردہ پاکستان کے دشمنوں کی ایک گھناؤنی سازش عیاں ہوتی ہے، ایسی بزدلانہ کارروائیاں ہماری مسلح افواج اور پاکستانی عوام کے حوصلے پست نہیں کر سکتیں۔ حکومت اس سازش کو بے نقاب کر کے ملزموں کو منظر عام پر لائے اور ان کے خلاف سخت سے سخت کارروائی عمل میں لائی جائے اور سرکاری ملازمین کے تحفظ کے لئے عملی اقدامات کرے۔ حلیم عادل شیخ نے کہا کہ پاکستان کی تینوں مسلح افواج نے مادر وطن کی حفاظت اور دہشت گردوں کے خلاف لڑی جانے والی جنگ میں اپنے عزم اور بہادری کی ایک لازوال تاریخ رقم کی ہے جسے پوری دنیا میں مانا جاتا ہے، یہی وجہ ہے کہ دشمن ملک کو کمزور کرنے کیلئے بزدلانہ حملے اور ایسی گھناؤنی سازشوں میں مصروف عمل ہیں۔
خبر کا کوڈ : 68860
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش