0
Friday 19 Jun 2009 12:06

جنوبی وزیرستان میں ڈرون حملہ ،پاک فضائیہ کی بمباری،24 جنگجو ہلاک،2 ٹھکانے تباہ

جنوبی وزیرستان میں ڈرون حملہ ،پاک فضائیہ کی بمباری،24 جنگجو ہلاک،2 ٹھکانے تباہ
پشاور،وانا: جنوبی وزیرستان میں امریکی ڈرون حملے اور پاک فضائیہ کی بیت اللہ محسود کے مشتبہ ٹھکانوں پر بمباری کے نتیجے میں 24جنگجو ہلاک اور دو ٹھکانے تباہ ہوگئے۔ دوسری جانب سوات اور مالاکنڈ کے مختلف علاقوں میں فورسز کی تازہ کارروائیوں میں 34شدت پسند مارے گئے۔ تفصیلات کے مطابق جنوبی وزیرستان میں امریکی جاسوس طیارے نے وانا سے 12کلومیٹر کے فاصلے پر شاہ عالم کے علاقے غورلامہ میں مُلا نذیر گروپ کے ٹرینگ کیمپ پر دو میزائل فائر کیے جس کے نتیجے میں 9افراد ہلاک ہو گئے۔ اے ایف پی کے مطابق مرنے والوں میں 5غیر ملکی اور چار مقامی شدت پسند شامل ہیں اور میزائل حملہ جس مکان پر ہوا وہاں مقامی طالبان موجود تھے۔میزائل حملے میں مکان مکمل طور پر تباہ ہو گیا اور مقامی لوگوں نے ملبے سے پانچ لاشوں کو نکالا ۔ لوگوں کے مطابق طالبان نے غورلامہ جانے والے راستوں کو بند کیا ہوا ہے اور کسی کو وہاں جانے کی اجازت نہیں ہے۔ یاد رہے کہ میزائل حملہ ایک ایسے موقع پر ہوا ہے جب پاکستان نے بیت اللہ محسود کیخلاف جنوبی وزیرستان میں بھر پور کارروائی کرنے کا اعلان کیا ہے جبکہ چند مہینے پہلے بیت اللہ محسود اور مُلا نذیر کا اتحاد ہوا تھا لیکن اب شاید بیت اللہ کے خلاف موجودہ آپریشن میں مُلا نذیر شامل نہ ہو ۔ ادھر جنوبی وزیرستان میں پاک فضائیہ نے بیت اللہ محسود کے ٹھکانوں پر بمباری کی جس کے نتیجے میں 15 جنگجو ہلاک اور دو ٹھکانے تباہ ہو گئے جبکہ پولیٹیکل انتظامیہ نے محسود قبائل کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کر دیا ہے ۔ دریں اثناء آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آپریشن راہِ راست میں گذشتہ 24گھنٹوں کے دوران 34 شدت پسند ہلاک اور 7 کو گرفتار کیا گیا جبکہ 5سیکیورٹی اہلکار زخمی ہو گئے، مینگورہ کے اطراف میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے ۔

خبر کا کوڈ : 6911
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش