0
Sunday 1 May 2011 23:39

پیپلزپارٹی اور (ق) لیگ کا اتحاد ملک کی بچی کھچی دولت کو لوٹنے کا نیا ناٹک ہے، شہباز شریف

پیپلزپارٹی اور (ق) لیگ کا اتحاد ملک کی بچی کھچی دولت کو لوٹنے کا نیا ناٹک ہے، شہباز شریف
لاہور:اسلام ٹائمز۔ وزیراعلٰی پنجاب میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی اور (ق) لیگ کا اتحاد ملک کی بچی کھچی دولت کو لوٹنے کا نیا ناٹک ہے، اگر اربوں روپے کے ڈاکے نہ ڈالے جاتے تو ملک میں غربت نام کی کوئی چیز نہ ہوتی، لیکن عجیب بات ہے کہ پہلے لوٹو پھر سینے پر تمغے لگاﺅ اور پھر لوٹنے کیلئے مزید سیڑھیاں چڑھنی شروع کر دو، کیا یہ قائداعظم اور علامہ اقبال کا پاکستان ہے؟ ملک کے ایک صوبے میں مزدوروں کے اربوں کے فنڈ سے موٹروے یا ہائی وے بنانے کیلئے پروگرام بنایا جا رہا ہے اگر یہ اربوں روپے مزدوروں کی بجائے موٹر وے یا ہائی وے پر خرچ ہوئے تو پنجاب اس کے خلاف سب سے پہلے کھڑا ہو گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز الحمراء ہال میں مسلم لیگ(ن) لیبر ونگ پنجاب کے زیراہتمام لیبر کنونشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے کہا کہ پنجاب بنک پر 76 ارب روپے کا ڈاکہ ڈالا گیا، این آئی جی میں اربوں اور حاجیوں کی جیبوں پر ڈاکے ڈالے گئے، اب اسلام آباد میں پیپلزپارٹی اور (ق) لیگ میں جو اکٹھ اور اتحاد کا منظر دکھائی دے رہا ہے یہ وہ لوگ ہیں جن کا ملک میں معاشی انقلاب، بیواﺅں کے سر پر دست شفقت اور غریبوں کا حق دلانے سے کوئی تعلق نہیں، بلکہ ان کا بنکوں، این آئی سی، حاجیوں کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالنے سے تعلق ہے، یہی وہ لوگ ہیں جنہوں نے رینٹل پاور پراجیکٹس کے ذریعے اربوں روپے سمندر پار رکھے ہوئے ہیں۔
وزیراعلٰی پنجاب نے کہا کہ کرپٹ لوگ 18 کروڑ عوام کی تقدیر کیا بدلیں گے، بلکہ ان کا اتحاد کرپشن اور اپنی آمدنی کو مزید بڑھانے کا نیا ناٹک ہے، انہوں نے کہا کہ میرے قائد میاں نواز شریف چند دنوں میں پاکستان آ رہے ہیں، پھر مسلم لیگ (ن) غریب عوام کے ساتھ مل کر اس نئے لوٹ کھسوٹ کے اتحادی پروگرام کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بن جائے گی۔ وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے یکم مئی لیبر ڈے کی تقریب میں مزدوروں کیلئے میرج گرانٹ کو 70 ہزار سے بڑھا کر ایک لاکھ، قانون معاوضہ موت گروپ انشورنس کو 2 لاکھ سے 4 لاکھ روپے کرنے کا اعلان بھی کیا، انہوں نے کہا کہ مزدوروں کی ایک دو ہفتے میں کانفرنس بلاﺅں گا، جس میں لیبر انسپکشن کے نظام سمیت تمام معاملات کو مشاورت سے حل کروں گا، انہوں نے کہا کہ آشیانہ ہاﺅسنگ سکیم میں بھی مزدوروں کیلئے کوٹہ مختص کریں گے۔
میاں شہباز شریف نے دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ آشیانہ ہاﺅسنگ کالونی امیر ترین کالونیوں سے بہتر نہ ہوئی تو میرا نام بدل دینا، وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان کی صنعت و تجارت، برآمدات و درآمدات کو بڑھانے میں محنت کشوں کا کلیدی کردار ہے، مزدوروں کی کاوشوں کے بغیر صنعتوں کی چمنیوں سے نہ دھواں نکل سکتا ہے اور نہ ہی اشیاء پیدا اور معیشت کا پہیہ گھوم سکتا ہے، انہوں نے کہا کہ محنت کش طبقہ ملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، لیکن مزدوروں کے پاﺅں سے آج بھی خون بہتا ہے کیونکہ پاﺅں میں جوتا نہیں ہے، ان کو ادویات میسر نہیں ہیں، تاہم دانش سکول اسی منصوبے کا نام ہے جہاں پر صرف مزدوروں، غریبوں حاریوں کے بیٹے بیٹیوں کو تعلیم حاص کرنے کا حق حاصل ہے، یہ سکول ایچی سن، بیکن سکول سسٹم کو مات دیں گے، ان میں امیروں کے بچوں کا داخلہ ممنوع قرار دیا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ آج 25 ہزار میں سے 3 ہزار غریبوں کو قرعہ اندازی کے ذریعے آشیانہ ہاﺅسنگ میں گھر الاٹ کیے جائیں گے۔
خبر کا کوڈ : 69169
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش