0
Sunday 24 Dec 2017 00:43

حشد الشعبی عراق نے شام کیساتھ تمام سرحد پر اپنی پوزیشنوں کو مستحکم کر لیا

حشد الشعبی عراق نے شام کیساتھ تمام سرحد پر اپنی پوزیشنوں کو مستحکم کر لیا
اسلام ٹائمز۔ الحشد الشعبی عراق کے ایک کمانڈر نے کہا کہ داعش کی جانب سے بارڈر سکیورٹی فورسز پر مسلسل تین دن کے حملوں کے بعد الحشد الشعبی نے شام کے تمام بارڈر کے ساتھ اپنی پوزیشنوں کو مستحکم کر لیا ہے۔ صوبہ الانبار کے مغرب میں الحشد الشعبی کے آپرییشن کمانڈر قاسم مصلح نے اعلان کیا کہ شام کی سرحد پر موجود اس گروہ کے لئے جدید ہتھیار ارسال کئے جا چکے ہیں، اس عراقی کمانڈر نے مزید بتایا کہ عراق کے سرحدی محافظوں پر شام کی سرزمین سے دہشتگرد گروہ داعش کے مسلسل حملوں کے بعد یہ جدید اسلحہ الحشد الشعبی کے لئے ارسال کیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عراقی سرحدی محافظوں کو دہشتگرد گروہ داعش کی جانب سے فائر کئے گئے چند گائیڈڈ میزائلوں کے ذریعے نشانہ بنایا گیا اور سکیورٹی فورسز بھی بروقت ہماری مدد نہیں کرسکیں، الحشد الشعبی کے بریگیڈ13 کو اس سرحدی علاقے کی طرف روانہ کیا گیا، جہاں سے دہشت گرد گروہ داعش نے میزائل فائر کئے تھے، اس علاقہ میں الحشد الشعبی کے بریگیڈ 13 نے انتہائی دقت کے ساتھ دشمن کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا اور انہیں تباہ کر دیا۔

رائٹر نیوز ایجنسی نے بھی اس خبر کو "الحشد الشعبی عراق و شام کی سرحد پر تعینات ہوچکی ہے" کے عنوان کے ساتھ کوریج دی ہے اور دعوٰی کیا کہ گذشتہ چند دنوں سے عراقی سرحدی محافظوں پر حملوں کی رپورٹس موصول ہو رہی ہیں۔ لیکن اس عراقی کمانڈر کے مطابق یہ سرحدی علاقہ گذشتہ تین دنوں سے دہشتگرد گروہ داعش کے مسلسل حملوں کا نشانہ بنا ہوا تھا اور انہوں نے عراقی سکیورٹی فورسز سے مدد کی درخواست کی تھی، لیکن اس درخواست کا کوئی نتیجہ حاصل نہ ہوسکا، اس کے بعد الحشد الشعبی کے کمانڈروں نے سرحدی علاقوں کی طرف مزید فورسز اور جدید اسلحہ ارسال کرنے کا حکم دیا۔ اس عراقی کمانڈر نے یہ بھی بتایا کہ اس وقت آپریشن کمانڈ اور الطفوف بریگیڈ عراق اور شام کی سرحدی چیک پوسٹوں پر دشمن کے ہر طرح کے حملوں کے مقابلے کے لئے تعینات ہے۔ اگرچہ اس علاقے کی حافظت کی ذمہ داری الحشد الشعبی پر عائد نہیں ہوتی لیکن اس کے باوجود سکیورٹی فورسز کی سپورٹ کو ہم اپنا فرض سمجھتے ہیں۔ قبل ازیں 9 دسمبر 2017ء کو الحشد الشعبی نے اعلان کیا تھا کہ اس نے عراقی سکیورٹی فورسز کیساتھ الجزیرہ اور البادیہ کے علاقے میں کامیاب آپریشن کے بعد شام کے بارڈر پر مکمل کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 692065
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش